رسائی کے لنکس

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کی 24 برس بعد پاکستان آمد، کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں میچ ہوں گے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 1998 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا نے جمعے کو بورڈ کی ایک میٹنگ میں دے دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 24 سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔

پاکستان کا 24 سال کے وقفے کے بعد دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم اپنے قیام کے دوران تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔

اس دورے کے حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ دورے کو یقینی بنانے کے لیے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور دونوں ممالک کی حکومتوں کے مشکور ہیں۔ اس سیریز میں دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا ۔

اس دورے کا آغاز آئندہ ماہ چار مارچ کو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 12 سے 16 مارچ تک کراچی میں دوسرے اور 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں تیسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہوں گی۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 29 مارچ سے دو اپریل کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز راولپنڈی میں کھیلیں گی۔

پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31 مارچ اورتیسرا دو اپریل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

راولپنڈی ہی کے مقام پر دورے کے آخری میچ اور واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پانچ اپریل کو مدمقابل ہوں گی۔

گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد یہ پاکستان اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے درمیان پہلا مقابلہ ہو گا۔

آخری مرتبہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان میں 1998 میں ایکشن میں نظر آئی تھیں۔ اس سیریز کے دوران آسٹریلیا نے تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز ایک صفر اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کی تھی۔

یہ وہی سیریز تھی جس میں آسٹریلوی کپتان مارک ٹیلر نے پشاور کے مقام پر 334 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے تیسرے میچ میں ڈیبیو کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کئی مرتبہ ٹیسٹ سیریز منعقد ہوئی البتہ جب جب پاکستان کی میزبانی کا وقت آیا تو کبھی نائن الیون کے بعد دنیا کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کی وجہ سے، تو کبھی پاکستان میں خراب حالات کی وجہ سے ہمیشہ نیوٹرل وینیوز کا انتخاب کیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی سیریز کے شیڈول میں معمولی سے رد و بدل کی گئی ہے البتہ اس شیڈول پر بھی شائقینِ کرکٹ نے خوشی کا اظہار کیا۔

کسی نے نیا شیڈول ری ٹوئٹ کرکے خوشی کا اظہار کیا تو کسی نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ میچز منعقد کرنے پر کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

ایک صارف کے مطابق جس مقام پر نیوزی لینڈ ٹیم کو سیکیورٹی کا خدشہ تھا وہاں اب دنیا کی نمبر ون ٹیم بلا خوف و خطر کھیلے گی۔

تین ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کی ہونے پر بھی صارفین نے خوشی کااظہار کیا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG