آسٹریلیا نے 'فرینک وورل' ٹرافی کےتیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 75 رن سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
کینگروز نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 370 رن کا ہدف دیا تھا۔ میچ کے آخری روز جمعے کو میزبان ٹیم نے 173 رن پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن کھانے کے وقفے سے قبل ہی پوری ٹیم 294 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔
ڈومینیکا میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھااور پہلی اننگز میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کی سینچری کی بدولت 328 رن بنائے تھے۔
جواباً ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 218 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے تمام وکٹیں گنوا کر 259 رن بنائے تھے اور میزبان ٹیم کو 370 رن کا ناقابلِ عبور ہدف دیا تھا۔
آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ کو 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 106 رن بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جب کہ میزبان ٹیم کے چندرپال 'مین آف دی سیریز' قرار پائے۔
ٹورنامنٹ کی تکمیل کے بعد اب ویسٹ انڈیز کی ٹیم آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔