رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: یونس خان نے میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا


یونس خان (فائل فوٹو)
یونس خان (فائل فوٹو)

یونس خان نے اس میچ میں اپنی ٹیسٹ کریئر کا ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز یونس نے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز جاوید میانداد کے پاس تھا جنہوں نے 8832 رنز بنائے تھے۔

دنیائے کرکٹ میں ٹیسٹ میچوں کے دوران سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے کے اعزاز سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے 15921 رنز بنا رکھے ہیں۔

یونس خان نے یہ اعزاز اپنے کریئر کا 102 ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے حاصل کیا جو کہ ابوظہبی میں منگل کو شروع ہوا۔

اس میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن اسے ابتدا ہی میں صرف پانچ کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا جو اینڈرسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے تھے۔ انھوں نے دو رنز بنائے تھے۔

محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن چائے کے وقفے سے کچھ دیر قبل ہی صرف دو رنز کے فرق سے محمد حفیظ اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور اسٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

بعد میں آنے والے یونس خان نے اعزاز تو حاصل کر لیا لیکن وہ اس اننگز میں زیادہ دیر تک کریز پر نہ رہ سکے اور صرف 38 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان مصباح الحق صرف تین رنز ہی بنا سکے جب کہ پانچ سال بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے شعیب ملک 124 رنز کے ساتھ ابھی تک بلے بازی کر رہے ہیں جب کہ اسد شفیق نے 11 رنز بنا رکھے ہیں۔

پہلے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر286 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں اسپنر یاسر شاہ اور اظہر کو ان فٹ ہونے کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا اور ان کی جگہ عمران خان اور شعیب ملک ٹیم کا حصہ ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا ریکارڈ قابل ذکر رہا ہے اور اس نے زیادہ تر میچوں میں فتح حاصل کی۔ ان میں 2012ء میں برطانیہ کے خلاف وائٹ واش بھی شامل ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ نے رواں سال روایتی حریف آسٹریلیا کو ایشز سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے جس سے اس کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔

XS
SM
MD
LG