سندھ میں نئے تعلیمی سال کا اعلان
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پیر کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کر دیا جائے گا۔
اُن کے بقول، اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکولوں کے لیے نئے تعلیمی سال کا آغاز جون 2020 سے ہو گا۔ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 15 جون سے ہوں گے اور دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان 15 اگست کو کیا جائے گا۔
وزیرِ تعلیم سندھ نے مزید کہا کہ نویں جماعت کی مارک شیٹ کی بنیاد پر گیارہویں جماعت میں داخلہ دیا جائے گا۔
سعید غنی کے مطابق گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات چھ جولائی سے ہوں گے۔ یکم اگست سے گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسز شروع ہوں گی۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی کے مطابق والدین کو ماہانہ فیس ادا کرنا ہو گی لیکن کوئی اسکول اضافی فیس لینے کا مجاز نہیں ہو گا۔
لاہور کا شاہی قلعہ سیاحوں کے لیے بند
لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کو بھی کرونا وائرس کے خدشے پیشِ نظر بند کر دیا گیا ہے۔ قلعہ انتظامیہ نے پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں قلعے کو سیاحوں کے لیے بند کیا۔ لاہور کے شاہی قلعے میں روزانہ سیکڑوں سیاحوں سیر کے لیے آتے ہیں۔
عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس
کرونا وائرس کے باعث ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین اور عسکری نمائندے موجود تھے جب کہ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
مولانا طارق جمیل کی عمران خان سے ملاقات
مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران کرونا وائرس اور اس کی روک تھام کے لیے مذہبی رہنماؤں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔