رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا سے مزید 44 اموات، مثبت کیسز کی شرح کم ہونے لگی

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 56 ہزار 260 ٹیسٹ کیے گئے جن کے مثبت آنے کی شرح 5.36 فی صد رہی۔ 24 گھنٹوں میں ہونے والی 44 اموات کے بعد وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 731 ہو گئی ہیں۔

10:11 16.3.2020

نیوزی لینڈ میں عوامی اجتماع پر پابندی

نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن
نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے 500 افراد کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم اس کا اطلاق اسکولوں اور یونیورسٹیوں پر نہیں ہو گا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوامی اجتماعات پر پابندی کی خلاف ورزی کی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پاسداری کرے۔

10:45 16.3.2020

خلیجی ممالک میں پابندیاں مزید سخت

سعودی عرب میں تمام مالز، ریستوران، کافی کی دکانیں اور پارکس بند ہیں۔
سعودی عرب میں تمام مالز، ریستوران، کافی کی دکانیں اور پارکس بند ہیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور قطر میں کرونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ چھ ملکوں پر مشتمل خلیجی ملکوں کے اتحاد گلف کوآپریشن کونسل میں مجموعی طور پر کرونا وائرس کے 963 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں تاہم اب تک اس وائرس سے وہاں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔

سعودی عرب اور قطر نے تمام غیر ملکی مسافر پروازوں کا ملک میں داخلہ بند کر دیا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات اور قطر نے انٹری ویزا بھی محدود کر دیا ہے۔ اماراتی ایئرلائن نے بھی متعدد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

سعودی عرب نے اتوار کو تمام عوامی مقامات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ بیشتر سرکاری اداروں میں کام بھی روک دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں اب تک 118 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام مالز، ریستوران، کافی کی دکانیں اور پارکس بند رہیں گے تاہم اس کا اطلاق سپر مارکیٹس، فارمیسز اور گھروں پر کھانا فراہم کرنے والے اداروں پر نہیں ہو گا۔

قطر نے اعلان کیا ہے کہ منگل سے ملک میں غیر ملکیوں کا داخلہ بند ہو گا اور اس پابندی کا اطلاق آئندہ دو ہفتوں کے لیے ہو گا۔ قطر میں اب تک کرونا وائرس کے 401 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

عمان نے بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں صرف گلف کوآپریشن کونسل کے شہریوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ عمان نے جمعے کی نماز سمیت شادی کی تقریبات اور پارکوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی میں سنیما، ویڈیو گیمز، جمز اور پارکس اور سپر مارکیٹس بند رہیں گی۔ ابوظہبی کی سیکیورٹی ایکسچینج بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

11:01 16.3.2020

سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76 ہو گئی

پاکستان کے صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد اس کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کے مطابق تفتان سے سکھر آنے والے 50 افراد میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جن میں سے دو صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اُن کے بقول، 25 مریضوں کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ تمام مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

11:34 16.3.2020

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ون ڈے اور ٹیسٹ میچ ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے تیسرے مرحلے کے لیے کراچی میں کھیلا جانے والا ایک روزہ میچ اور ایک ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو سیریز کے تیسرے مرحلے کے لیے 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان یکم اپریل کو ون ڈے اور پانچ سے نو اپریل کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جانا تھا۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے سیریز مکمل کرنے کے لیے رابطے میں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ سات سے 10 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ بھی ملتوی کر دیا ہے جس کا آغاز 25 مارچ سے ہونا تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG