کرونا وائرس: برطانیہ سے امریکہ سفر پر پابندی
امریکہ نے کرونا وائرس کے پیشِ نظر برطانیہ اور آئرلینڈ پر بھی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکہ میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے امریکہ سفر پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کی تھی۔ لیکن برطانیہ کو اس پابندی سے مبرا قرار دیا تھا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برطانیہ چونکہ اب یورپ کا حصہ نہیں رہا، لہٰذا پابندی کا اطلاق اس پر نہیں ہو گا۔
تاہم ہفتے کو امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے اعلان کیا کہ وہ برطانیہ اور آئرلینڈ پر بھی سفری پابندیاں عائد کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے پابندیوں سے متعلق برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن سے بھی گفتگو کی ہے اور انہیں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 31 ہو گئی، عوامی مقامات بند
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس کے پیشِ نظر ملک کے بڑے شہروں میں عوامی مقامات بند ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے متعلق قوم سے خطاب کا اعلان بھی کیا ہے۔
سندھ میں کرونا وائرس کے 17 مریض سامنے آنے کے بعد صوبے بھر میں سخت احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے تعلیمی ادارے، پارکس، سینما، تفریحی مقامات اور مزارات بند کر دیے ہیں جب کہ بڑے شادی ہالوں میں شادی کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں بھی کرونا وائرس کے سات مریض سامنے آئے ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں چار اور گلگت بلتستان میں تین کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
صوبۂ پنجاب میں اب تک کرونا وائرس کا کوئی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا ہے البتہ نو مشتبہ مریضوں کو آئسولیشن اور نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ صوبۂ خیبر پختونخوا میں بھی اب تک کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
صوبۂ پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ
پاکستان کے صوبۂ پنجاب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں 'کووڈ 19' کے مریضوں کی مجموعی تعداد 32 ہو گئی ہے۔
صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق کر دی ہے۔
محکمۂ صحت پنجاب کے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ شخص گزشتہ شب سے اسپتال میں داخل تھا اور 10 مارچ کو برطانیہ سے واپس لوٹا تھا۔ مریض کی عمر 54 برس ہے جسے گزشتہ روز علامات ظاہر ہونے پر اسپتال لایا گیا تھا۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 19 کیسز رپورٹ
پاکستان میں اتوار کو مزید 19 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رپورٹ ہونے والے مزید کیسز میں سے 18 صوبۂ سندھ میں سامنے آئے ہیں جب کہ لاہور میں 'کووڈ 19' کا پہلا مریض رپورٹ ہوا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں کرونا وائرس کے 18 مزید کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتان سے سکھر پہنچنے والے 13 زائرین میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو پاکستان اور ایران کی سرحد پر قائم قرنطینہ میں بھی رکھا گیا تھا جس کے بعد وہ سکھر پہنچے تھے۔ اتوار کو مزید کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی ہے۔