پاکستان میں کرونا کا نیا کیس، مجموعی تعداد 29 ہو گئی
پاکستان میں ہفتے کو کرونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔ 30 سالہ خاتون میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خاتون کو تشویش ناک حالت میں اسلام آباد کے پمز اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ مذکورہ خاتون امریکہ سے پاکستان آئیں تھیں۔
حکام کے مطابق خاتون کو اسپتال کے آئسو لیشن وارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
'تفتان سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا'
پاکستان کے صوبہ سندھ کے حکومتی ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایران سے آنے والے زائرین کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ تفتان سے آنے والے 308 زائرین کو سکھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے چار مقامات پر آئسو لیشن وارڈز قائم کر دیے ہین۔ ٹیسٹ مثبت پر آنے پر مریضوں کو ان آئسو لیشن وارڈز میں منتقل کیا جائے گا۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ آئسو لیشن وارڈز میں ایک وقت میں دو ہزار افراد کو رکھنے کی گنجائش ہو گی۔
واہگہ بارڈر پر پریڈ بھی تماشائیوں کے بغیر ہو گی
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے واہگہ بارڈر پر پرچم اُتارنے کی تقریب کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔ پرچم اُتارنے کی تقریب میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پاکستان کی پنجاب رینجرز اور بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کے درمیان پریڈ معمول کے مطابق ہو گی، لیکن شہریوں کی شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ایران: کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 611 ہو گئی
ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 611 ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ہفتے کو 611 ہو گئی ہے۔ جمعے کو یہ تعداد 514 تھی۔
وزارتِ صحت کے حکام کے حوالے سے سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے 12 ہزار 729 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔