کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی
کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ کا ہندسہ عبور کر گئی ہے جب کہ عالمی ادارۂ صحت نے اس مہلک وبا کے پھیلاؤ کو انتہائی پریشان کن صورتِ حال قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس سے اب تک لگ بھگ 3500 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ یہ مہلک وبا دنیا کے 92 ممالک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے ساحل پر لنگر انداز ایک تفریحی بحری جہاز میں سوار 21 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ تفریحی بحری جہاز اسی کمپنی 'پرنسس کروز شپ' کا ہے جس کے ایک اور جہاز 'ڈائمنڈ پرنسس' کو گزشتہ ماہ جاپان کے ساحل پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اس میں سوار 3700 مسافروں میں سے تقریباً 700 بیماری کے متاثرین نکلے تھے۔
کرونا وائرس سو ملکوں تک پہنچ گیا
عالمی ادارہ صحت نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ دنیا میں اب ایک سو ممالک سے کرونا وائرس سے مثاثرہ افراد کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
اٹلی نے اتوار کے روز نئے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا اور ملک کے شمالی علاقوں کو جہاں اٹلی کی ایک تہائی آبادی مقیم ہے، بند کر دیا ہے۔ چین کے بعد کسی بھی دوسرے ملک میں کرونا کے سبب سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 233 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔
اٹلی نے جن شمالوں علاقوں کو بند کیا ہے ان میں لومبارڈی کا علاقہ اور تجارتی مرکز میلان بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹلی نے وینیٹو سمیت 14 صوبوں کو بند کر دیا ہے۔ آئندہ ماہ تک ملک کے اندر اور باہر سفر غیر معمولی حد تک محدود کر دیا گیا ہے اور حکومت نے عجائب گھروں، سینما تھیٹروں اور دیگر تفریحی مقامات کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اٹلی: کرونا وائرس سے 366 افراد ہلاک، عوامی مقامات بند
یورپین ملک اٹلی میں کرونا وائرس سے اتوار کے روز ہونے والی 133 ہلاکتوں کے بعد اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 366 ہوگئی ہے۔ جبکہ پورے ملک میں 7 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اٹلی کی 50 ریاستوں میں سے 30 ریاستیں کرونا وائرس سے شدید متاثر ہیں۔ جن میں دارالحکومت وینس اور دنیا بھر میں فیشن کا مرکز سمجھا جانے والا شہر میلان بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق اٹلی پولیس نے ریلوے اسٹیشنز کا چارج سنبھال لیا ہے اور اہم شاہراہوں پر آنے جانے والی گاڑیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔
اطالوی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ اس سلسلے میں میلان آنے جانے والی تمام پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پانچ سو افراد سے ہاتھ ملانے والا پادری کرونا وائرس میں مبتلا تھا
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایک پادری سے ہاتھ ملانے والے سیکڑوں افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود کو قرنطینہ میں رکھیں، کیونکہ پادری کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں کرائسٹ چرچ ایپسکوپال کے پادری ٹموتھی کول کو گزشتہ پیر کو فلو جیسی شکایت پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ہفتے کو ان کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
شہری انتظامیہ نے 24 فروری سے 3 مارچ کے درمیان گرجا گھر جانے والے تمام افراد سے کہا ہے کہ وہ آخری بار گرجا جانے کے دن سے اگلے 14 دن تک خود کو قرنطینہ میں رکھیں۔