کرونا وبا ایک سال میں ختم ہو جائے گی، موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو کا دعویٰ
کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے والی امریکی کمپنی موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک سال کے اندر کرونا وائرس کی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔
سوئس اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو اسٹیفن بینسل نے کہا کہ ویکسین کی فراہمی میں تیزی سے دنیا کی بیشتر آبادی کو ویکسین لگ جائے گی، حتیٰ کے نومولود بچوں کے لیے بھی ویکسین دستیاب ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر گزشتہ چھ ماہ کے دوران ویکسین کے پیداواری عمل میں تیزی کا جائزہ لیں تو پتا چلتا ہے کہ آئندہ برس کے وسط تک اتنی ویکسین دستیاب ہو گی کہ دنیا کے ہر فرد کے لیے یہ دستیاب ہو گی۔
اسٹیفن بینسل نے دعویٰ کیا کہ ایک سال تک دنیا کی سرگرمیاں معمول پر آ جائیں گی۔
صدرِ مملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی کرونا وائرس سے متاثر
صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں ثمینہ علوی نے بتایا کہ اُن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ تھوڑی کمزوری محسوس کر رہی ہیں، لیکن مجموعی طور پر اُن کی صحت اچھی ہے۔
خیال رہے کہ ثمینہ علوی سے قبل صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بھی کرونا کا شکار ہوئے تھے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 58 ہلاکتیں
پاکستان میں کرونا کیسز کی چوتھی لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 58 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا کے مزید 2367 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 32 ہزار 595 ہو گئی ہے۔
پاکستان میں کرونا سے اب تک 27 ہزار 432 اموات ہو چکی ہیں جب کہ 11 لاکھ 43 ہزار 605 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اب بھی 4561 افراد انتہائی نگہداشت وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس سے مزید 26 ہزار افراد متاثر
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 26 ہزار 115 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارت کی وزارتِ صحت کے مطابق ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ آٹھ پانچ فی صد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کرونا سے مزید 252 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 ہزار 469 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔