امریکہ نومبر سے غیر ملکی مسافروں کے لیے پابندیاں نرم کر رہا ہے
امریکہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ نومبر کے اوائل سے ملک میں آنے والے غیر ملکی مسافروں کے لیے وہ کرونا وائرس سے متعلق عائد پابندیوں میں نرمی کر دے گا۔
18 ماہ قبل کرونا وائرس کی وبا کے آغاز کے بعد امریکہ نے بیرونی ملکوں سے آنے والے مسافروں پر بڑی حد تک پابندی لگا دی تھی۔ دوسری جانب حالیہ مہینوں میں یورپی ممالک نے گرمیوں کی چھٹیوں کے موسم سے قبل امریکی مسافروں پر اپنے ہاں آنے پر عائد پابندں نرم کر دی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کووڈ 19 کے کوآرڈینیٹر جیف زینٹس نے کہا کہ نئی امریکی پالیسی کے تحت غیر ملکی مسافروں کو ایک بار پھر ملک میں آنے کی اجازت دے دی جائے گی، بشرطیکہ وہ فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ویکسین کی تمام خوراکیں لگوانے کا ثبوت پیش کر سکیں اور پرواز سے تین دن قبل کا کوویڈ کا نیگیٹو کا ثبوت دکھا سکیں۔
امریکہ میں کووڈ 19 سے اب تک 675،000 یعنی ہسپانوی فلو کے برابر اموات ہو چکی ہیں، رپورٹ
کووڈ 19 کی وبا میں اب تک اتنے ہی امریکی ہلاک ہوئے ہیں جتنے سال 19-1918 کے دوران ہسپانوی فلو کی وبا موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ اس وبا میں اندازاً 675،000 لوگ لقمہ اجل بن گئے تھے۔
ایک صدی قبل آج کے مقابلے میں امریکہ کی کل آبادی ایک تہائی کے قریب تھی، اس لحاظ سے مرنے والوں کی اوسط تعداد آج کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھی۔کووڈ کی وبا ہر لحاظ سے المناک ہے، خاص طور پر اس لیے کہ سائنسی علم کے لحاظ سے دنیا آج کہیں آگے ہے۔
آج ہمارے پاس وائرس کی ویکسین موجود ہے، لیکن ہم دستیاب ویکسین سے مقدور بھر استفادہ نہیں اٹھا سکے۔
یونیورسٹی آف مشی گن سے وابستہ طبی تاریخ کے ایک ماہر، ڈاکٹر ہوورڈ مرکل نے کہا ہے کہ تمام اہل افراد کے لیے ویکسین دستیاب ہے۔ لیکن ''امریکی معاشرے کے متعدد جگہوں اور وہاں کے لیڈروں نے ویکسین کو ایک طرف پھینک دیا''۔
پاکستان میں دو ماہ بعد کم ترین یومیہ کیسز
پاکستان میں 23 جولائی کے بعد سے کرونا کے کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 231 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 1897 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح چار اعشاریہ ایک صفر فی صد رہی ہے۔ ملک میں کرونا میں مبتلا چار ہزار 846 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا سے متاثرہ مزید 81 مریض بھی انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان: یکم اکتوبر سے روزمرہ سہولتوں کی بندش کا انتباہ
پاکستان میں کرونا وبا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے منگل کو ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق یکم اکتوبر سے ایسے تمام افراد پر، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی، روز مرہ زندگی میں زیرِ استعمال بہت سی سہولتوں کی بندش کر دی جائے گی۔
این سی او سی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرائیں اور زندگی رواں رکھیں۔