سیاحت کا فروغ، برطانیہ میں پابندیوں میں نرمی
برطانیہ نے سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے کرونا وبا کے سبب بین الاقوامی مسافروں پر نافذ کردہ پابندیوں میں نرمی کر دی ہے۔
اب کم رسک والے ممالک کے مسافروں کو، جو مکمل طور پر ویکسین شدہ ہوں گے، انہیں برطانیہ پہنچنے پر مہنگا کرونا ٹیسٹ نہیں کرانا ہو گا۔
اس فیصلے کے بعد ترکی، پاکستان اور مالدیپ سمیت آٹھ ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ جہاں سے آنے والے مسافروں کو اگلے ہفتے بدھ سے ہوٹلوں میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق رواں سال چار اکتوبر سے کم رسک والے ممالک سے آنے والے مسافر نجی لیبارٹریوں میں کرائے جانے والے کرونا ٹیسٹ کے بجائے سستا کرونا ٹیسٹ کرا سکیں گے
خیال رہے کہ برطانوی حکومت نے انگلینڈ کے لیے پالیسی کا اعلان کیا ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئر لینڈ کی اپنی پالیسیاں ہیں۔
امریکہ: طبی ماہرین کی بڑے پیمانے پر بوسٹر شاٹس لگانے کی مخالفت
امریکہ میں حکومت کے مشاورتی پینل نے کرونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے کے فیصلے کی مخالفت کی ہے۔
جمعے کو سامنے آنے والے اس فیصلے سے امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے ان اقدامات کو دھچکا لگا ہے جس کے تحت بوسٹر شاٹ لگانے کے امکانات پر غور کیا جا رہا تھا۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے مشیران کے پینل نے دو ووٹوں کے مقابلے میں 16 ووٹ سے بڑے پیمانے پر بوسٹر شاٹس لگانے کے فیصلے کے خلاف ووٹ دیا۔
پینل کے مطابق بوسٹر شاٹس سے متعلق معلومات کی کمی اور ان کی افادیت سے متعلق کم ثبوت دستیاب ہونے کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا۔
تاہم اس خود مختار پینل نے 65 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے علاوہ شدید متاثر ہونے والے مریضوں کے لیے بوسٹر شاٹس لگانے کی توثیق کی۔
دوا ساز کمپنی ‘فائزر’ کی طرف سے 16 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر شاٹس لگانے کے لیے اجازت طلب کی گئی تھی جس کی بائیڈن انتظامیہ نے تائید کی تھی۔
فرانس میں ویکسین نہ لگوانے والے 3000 ہیلتھ کئیر ورکرز معطل
فرانس نے حکومت کی جانب سے دی گئی 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن تک کرونا کی ویکسین نہ لگوانے والے تین ہزار ہیلتھ کئیر ورکرز معطل کر دیئے ہیں۔
فرانس کے وزیر صحت اولیویے ویرن کے مطابق ملک کے ستائیس لاکھ ہیلتھ ورکرز میں درجنوں ایسے بھی افراد تھے جنہوں نے ویکسین لگوانے کے بجائے ملازمت سے استعفیٰ دینے کو ترجیح دی۔
جولائی میں فرانسیسی صدر ایمینیئول میخواں نے ہیلتھ ورکرز کو 15 ستمبر کی تاریخ تک ویکسین کا کم از کم ایک ڈوز لگوانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ اس وقت تک ملک میں ہزاروں ایسے ہیلتھ کیئر ورکرز تھے جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی۔
وزیر صحت کے مطابق حالیہ معطل ہونے والوں میں بڑی تعداد صحت کے شعبے میں کام کرنے والے معاون عملے کی ہے۔ تاہم، ان میں کچھ ڈاکٹرز اور نرسز بھی شامل ہیں۔
کرونا وائرس کی معلومات سے متعلق ادارے، جانز ہاپکنز کے مطابق فرانس میں کرونا وائرس کے 70 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ وائرس سے اب تک ایک لاکھ سولہ ہزار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
ممبئی کی 90 فی صد آبادی میں کرونا کے خلاف اینٹی باڈیز موجود ہیں: سروے
بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی میں ایک اندازے کے مطابق 90 فی صد آبادی میں کرونا کے خلاف اینٹی باڈیز موجود ہیں۔
ایک سماجی گروپ کے تحت کرائے گئے ایک سروے کے نتائج جمعے کے روز جاری کیے گئے، جن میں کہا گیا ہے کہ شہر کی آبادی کے 90 فی صد کے لگ بھگ افراد کےخون میں کووڈ-19 کے خلاف اینٹی باڈیز موجود ہیں۔
یہ ایٹنی باڈیز اس وقت پیدا ہوتی ہیں جب کوئی شخص کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگواتا ہے یا پھر کرونا میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
اینٹی باڈیز کی جانچ کے لیے یہ سروے اگست کے وسط سے ستمبر کے آغاز تک جاری رہا جس میں 8674 افراد کے خون کے نمونے حاصل کیے گئے، جن میں سے 65 فی صد افراد ایسے تھے جنہیں کرونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگ چکے تھے۔
اس سروے سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ اینٹی باڈیز رکھنے والے مردوں کے مقابلے میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔ یہ سطح خواتین میں 88 اعشاریہ 29 فی صد جب کہ مردوں میں 85 اعشاریہ 07 فی صد تھی۔