فیس ماسک میں چھپی مسکراہٹ کی تصاویر لینے والی فوٹو گرافر
امریکہ کے شہر نیو یارک میں ایک فوٹو گرافر فیس ماسک کے پیچھے چھپی اس مسکراہٹ کا ریکارڈ تیار کر رہی ہیں جو ہمارے ہونٹوں سے نہیں بلکہ ہماری آنکھوں سے نظر آتی ہے۔ مزید دیکھیے اس رپورٹ میں۔
چین کے مشرقی شہر میں پابندیاں عائد
چین کے جنوب مشرقی شہر ژیامن میں حکام نے ہفتے کو کرونا وبا میں اضافے کے سبب شہریوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں۔ حکومت نے متعدد مقامات بند کر دیے ہیں جہاں چھٹیوں کے دوران کرونا کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مقامی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور حکومت نے پارکس، تفریح گاہیں اور کھیلوں کے میدان بند جب کہ دیگر تقریبات پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
حکام کی طرف سے یہ پابندیاں موسم خزاں کے حوالے سے ہونے والی تقریبات پر چھٹیوں کے موقع پر لگائی گئی ہیں۔ جب پورے ملک میں سیاحتی سیزن کا عروج ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ ژیامن، جو کہ 50 لاکھ آبادی والا ایک خوب صورت شہر ہے، فوجیان صوبے کے چار بڑے شہروں میں سے ایک ہے۔ یہاں سے حالیہ دنوں میں کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
فائزر ویکسین کی تیسری ڈوز سے قوت مدافعت میں اضافہ
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کا کہنا ہے کہ فائرز ویکسین کی تیسری ڈوز لینے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔
ایف ڈی اے نے ایک مطالعے کے حوالے سے کہا کہ ویکسین کی تیسری ڈوز 300 سے زائد افراد کو دی گئی۔ ان افراد کی قوتِ مدافعت گزشتہ خوراکوں سے تین گنا بڑھی تھی۔ جب کہ تیسری ڈوز سے قوت مدافعت میں پانچ گنا اضافہ ہوا۔
فائزر نے بھی اسرائیل میں ہونے والی ایک تحقیق کا حوالہ دے کر کہا کہ 60 برس یا اس سے زائد عمر کے ایسے افراد جن کو ویکسین کی تیسری ڈوز دی گئی تھی ان کے وبا سے متاثر ہونے کے امکانات 11 گنا کم ہو گئے تھے۔
پاکستان میں اب بھی 65 ہزار سے زائد افراد زیرِ علاج
پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ روز مزید دو ہزار 928 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں 57 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5.08 فی صد ٹیسٹ مثبت آئے۔
حکام کے مطابق ملک بھر میں زیر علاج 62 ہزار 725 افراد میں سے چار ہزار 960 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔