نیٹ فلکس نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں تخلیقی کام کرنے والے ان کارکنوں کی مدد کے لیے 10 کروڑ ڈالر کا امدادی فنڈ قائم کر رہا ہے جو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث اپنے روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔ ان میں سے اکثر کا تعلق فلم اور ٹیلی وژن کی پروڈکشن سے ہے۔
نیٹ فلکس کے چیف کریٹو آفسیر ٹید سیرنڈاس نے کہا ہے کہ اس کمیونٹی نے اچھے وقتوں میں نیٹ فلکس کی بہت مدد کی ہے، اس لیے اس مشکل گھڑی میں ہم ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
اس فنڈ کا زیادہ تر حصہ دنیا بھر میں نیٹ فلکس کے لیے پروڈکشن کرنے والے ان کارکنوں کو جائے گا جن کا روزگار وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ انہیں دو ہفتے کی تنخواہ کے مساوی رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پروڈکشنز کی سرگرمیاں معطل ہونے کے اخراجات بھی کمپنی ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں الیکٹریشن، کارپنٹر، ڈرائیور اور دوسرے افراد جنہیں فی گھنٹہ معاوضہ دیا جاتا ہے، کام رکنے کی وجہ سے بے روزگار ہو گئے ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔
تھیٹر، سٹیج اور فلم کی بین الاقوامی تنظیم کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ کارکن بے روزگار ہو چکے ہیں۔
نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ 15 ملین ڈالر فلم اور ٹیلی وژن انڈسٹری کے ان کارکنوں کی مدد کے لیے رکھے گئے ہیں جن کا تعلق نیٹ فلکس سے نہیں ہے۔ شوبز کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ شوبز کے مختلف شعبوں کے متاثرہ کارکنوں کی مدد کے لیے ان کی اہم تنظیموں میں سے ہر ایک کو 10 لاکھ ڈالر فراہم کرے گی۔
امریکی کانگرس کرونا کے خلاف جنگ اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک ٹریلین ڈالر کے پیکیج پر کام کر رہی ہے۔