رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: 40 لاکھ کیسز، پونے 3 لاکھ اموات


دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد جمعہ کو 4 ملین یعنی 40 لاکھ تک پہنچ گئی، جبکہ ہلاکتیں بھی 2 لاکھ 75 ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی ہیں۔ ان میں 13 لاکھ کیسز امریکہ کے ہیں جہاں 78 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، اب تک 212 ملک اور خود مختار خطے عالمگیر وبا کی زد میں آچکے ہیں۔ محض چند کم آبادی والے ملکوں اور جزیروں میں اس وائرس کا خاتمہ کیا جاسکا ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 626، برازیل میں 449، میکسیکو میں 257، فرانس میں 243، اٹلی میں بھی 243، اسپین میں 229، کینیڈا میں 159، سویڈن میں 135 اور بیلجیم میں 106 مریض چل بسے۔

امریکہ میں جمعہ کی شام تک 1300 سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں۔ ملک میں کرونا وائرس کے 85 لاکھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں 13 لاکھ سے زیادہ مثبت آئے ہیں۔ 15 امریکی ریاستوں میں ایک ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں نیویارک 26581 اموات کے ساتھ سرفہرست ہے۔

برطانیہ میں 31 ہزار، اٹلی میں 30 ہزار اور اسپین اور فرانس میں 26 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں کئی دنوں سے مسلسل چار پانچ سو ہلاکتیں ہورہی ہیں اور مجموعی اموات ساڑھے 9 ہزار تک پہنچ چکی تھیں۔

اب تک 10 ملکوں میں ایک لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں امریکہ کے بعد اسپین، اٹلی اور برطانیہ کا نمبر ہے۔ ان تینوں ملکوں میں 2 لاکھ سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اسی طرح 11 ملکوں میں کرونا وائرس کے 10 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ روس میں یہ تعداد 50 لاکھ، جرمنی میں 27 لاکھ اور اٹلی میں 24 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 13 لاکھ 75 ہزار ہوچکی ہے۔ ان میں امریکہ کے 2 لاکھ 21 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 68 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 41 ہزار اور ایران کے 99 ہزار شہری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG