رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس متاثرین 800 سے زیادہ، چھ افراد ہلاک


پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد آٹھ سو سے زیادہ ہو گئی ہے جب کہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 6 بتائی گئی ہے۔

حکومتی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 مریضوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 352، پنجاب میں 225، بلوچستان میں 108، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31 ، اور اسلام آباد میں 15 ہے، جب کہ 6 افراد صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

ملک میں خوراک کی کمی نہیں، وزیر فوڈ سیکیورٹی

وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار نے معاون خصوصی صحت ظفر مرزا اور این ڈی ایم اے کے چئیرمین لیفٹننٹ جنرل افضل کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس وقت وافر مقدار میں خوراک کے ذخائر موجود ہیں۔

خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ اس وقت گندم کے بڑے ذخائر ملک میں موجود ہیں، جب کہ آئندہ ایک ہفتہ میں گندم کی کٹائی سندھ میں شروع ہو رہی ہے جس کے بعد ذخائر میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پاس 70 لاکھ ٹن چاول موجود ہے۔ جب کہ پاکستان کی ضرورت 35 لاکھ ٹن ہے، یعنی پاکستان کے پاس ضرورت سے دگنی مقدار میں چاول موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی بین الاقوامی سطح پر قیمتوں میں کمی آئی ہے، لوگ ضرورت سے زیادہ خریداری نہ کریں۔ ڈیمانڈ زیادہ ہونے سے قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل مظفر افضل کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے طبی آلات منگوائے جا رہے ہیں۔ چین سے 120 وینٹی لیٹر آئندہ جمعہ تک پہنچ جائیں گے جب کہ 20 ٹن طبی سامان بھی پاکستان پہنچ رہا ہے۔، اسپتالوں میں مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں اور لوگوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG