رسائی کے لنکس

کرکٹرز سے رشوت لینے کا معاملہ، سندھ پولیس کے چار اہلکار گرفتار


انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دو کھلاڑیوں کی شکایت پر سندھ پولیس کے چار اہلکاروں کو نوکری سے معطل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کرکٹر صہیب مقصود اور عامر یامین نے پیر کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر شکایت کی تھی کہ بذریعہ سڑک ملتان جاتے ہوئے سندھ کے ضلع شہید بے نظیر آباد کے قریب پولیس اہلکاروں نے ان سے رشوت لی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹرز کے ٹوئٹ پر آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے نوٹس لے کر ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد کو فوری تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

رشوت کا مطالبہ کرنے والے سکرنڈ پولیس اسٹیشن کے چاروں اہلکاروں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سندھ پولیس کے مطابق واقعے میں سکرنڈ پولیس کے چار اہلکار ملوث پائے گئے ہیں جن کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جب کہ تھانہ سکرنڈ کے ایس ایچ او اور منشی کو غفلت و لاپرواہی کا مرتکب قرار دے کر معطل کردیا ہے۔

صہیب مقصود اور عامر یامین کے ساتھ ہوا کیا تھا؟

پچاس سے زائد انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے صہیب مقصود نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سندھ پولیس کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کو ایک تلخ تجربہ قرار دیا تھا۔

صہیب مقصود نے لکھا کہ وہ زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان براستہ سڑک سفر کررہے تھے، ان کے ساتھ جس قسم کا برتاؤ سندھ پولیس نے کیا اس پر وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ وہ سندھ میں نہیں رہتے۔

صہیب مقصود نے الزام عائد کیا کہ سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ آپ کو 50 کلومیٹر کے بعد روک کر پیسے مانگتی ہے ، اور رشوت نہ دینے پر بلا وجہ تھانے لے جانے کی دھمکی دیتی ہے۔

صہیب مقصود نے ایکس پر جاری اپنے ایک اور بیان میں کہا کہ جب انہوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹر ہیں اور کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد ملتان کا سفر کر رہے ہیں، تب بھی انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں ملی اور پولیس نے انہیں8000 ہزار روپے لینے کے بعد جانے دیا۔

صہیب مقصود کے ساتھ کراچی سے ملتان سفر کرنے والے عامر یامین نے بھی اس واقعے کا سوشل میڈیا پوسٹ میں ذکر کیا، جس میں انہوں نے سندھ پولیس کے برتاؤ کو افسوس ناک قرار دیا۔

دونوں کھلاڑیّں کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سندھ پولیس پر سخت تنقید کی۔ ایک صارف نے صہیب مقصود کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں سندھ پولیس اور ہوم منسٹری کو ٹیگ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔

ایک اور صارف کے مطابق سندھ میں رہنے والوں کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں۔

سندھی اجرک نامی صارف کے خیال میں صہیب مقصود کو اس طرح کی پوسٹ نہیں کرنا چاہیے تھی کیوں کہ کرپشن کا مسئلہ سندھ پولیس کا نہیں بلکہ پنجاب میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG