رسائی کے لنکس

کانگریس مین اینڈی کم نے نیوجرسی سے ڈیموکریٹک سینیٹ پرائمری جیت لی


کانگریس مین اینڈی کم، نیوجرسی کے قصبے پیرامس میں اپنی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔ مارچ 2024
کانگریس مین اینڈی کم، نیوجرسی کے قصبے پیرامس میں اپنی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔ مارچ 2024
  • کانگریس مین اینڈی کم نیوجرسی سے ڈیموکریٹ پارٹی کے سینیٹر بننے کے خواہش مند ہیں
  • موجودہ ڈیموکریٹ سینیٹر مینیڈیز بدعنوانی کے مقدمے کی وجہ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔
  • نیوجرسی ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب جھکاؤ رکھنے والی ریاست ہے۔

ویب ڈیسک۔۔۔امریکی ریاست نیو جرسی میں منگل کو ہونے والی سینیٹ پرائمری میں ڈیموکریٹک کانگریس مین اینڈی کم نے کامیابی حاصل کی، جس سے وہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب جھکاؤ رکھنے والی ریاست میں ایک مضبوط پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

انہوں نے یہ کامیابی ایک ایسے وقت میں حاصل کی ہے جب کہ ایک روز قبل ڈیموکریٹ سینیٹر باب مینینڈیز نے بدعنوانی سے متعلق ایک وفاقی مقدمے کی بنا پر آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کم نے، جو تین مدتوں سے کانگریس کے رکن ہیں، گزشتہ سال باب مینینڈیز کے خلاف الزامات کا اعلان ہونے کے بعد اپنی انتخابی مہم کا اعلان کیا تھا۔ وہ نسبتاً تھوڑے ہی عرصے میں ریاست میں غالب حیثیت رکھنے والی سیاسی جماعت کے اونچے مقام پر فائز ہو گئے ہیں۔

وہ سابق صدر براک اوباما کی قومی سلامتی کے سابق سیکیورٹی عہدے دار رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2018 میں کانگریس کے انتخابات میں ایک ریپبلکن رکن کانگریس کو شکست دی تھی اور عدالت میں ایک مقدمہ جیتا تھا، جس نے بڑے پیمانے پر اس نظر سے دیکھے جانے والے نیوجرسی کے اس منفرد نظام کو زمین بوس کر دیا کہ پرائمری میں جیت سیاسی آقاؤں کے اثر و رسوخ سے ملتی ہے۔

کم نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’ہماری آج کی جیت عوام کی طاقت سے چلنے والی ایک تحریک کے لیے شاندار فتح ہے، جو کرپشن کے خلاف متحرک ہوئی ہے اور نیوجرسی کی مشینی سیاست کے سامنے کھڑی ہے‘۔

پرائمری میں ان کی جیت، نیوجرسی کی خاتون اول ٹیمی مرفی اور ان کے درمیان تنازع کی تلخی پیدا ہونےکے بعد ہوئی ہے۔ پہلی بار میدان میں اترنے والی مرفی نے، جو گورنر فل مرفی کی اہلیہ ہیں، یہ کہتے ہوئے خود کو مقابلے سے باہر کر لیا کہ وہ اپنے ایک ڈیموکریٹ ساتھی کے خلاف منفی مہم میں شامل ہونا نہیں چاہتیں۔

منگل کے روز کم نے مزدور رہنما پیٹریشا کیمپوس میڈینا اور عوامی سطح کے پرانے منتظم لارنس ہیم کو شکست دی، جو ان کے مقابلے میں تھے۔

موجودہ سینیٹر مینیڈیز نے، جو تین مدتوں سے سینیٹر ہیں، ڈیموکریٹ کے طور پر اس سال ایک بار پھر الیکشن میں حصہ لینے سے انکار کر دیا ہے، لیکن پیر کے روز انہوں نے ایک آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کے لیے ٹرینٹن میں اپنے کاغذات جمع کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ وہ اس سال موسم گرما میں خود پر عائد الزامات سے بری ہو جائیں گے۔

سینیٹ پر ڈیموکریٹس کی مضبوط گرفت کا مطلب ہے کہ وہ پارٹی کے لیے بڑے پیمانے پر محفوظ سمجھی جانے والی ریاست میں مسابقتی دوڑ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ مینینڈیز کے خلاف مقدمہ کیسے ختم ہو گا اور ایک امیدوار کے طور سے ان کی انتخابی مہم پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔ جب کہ ریپبلکن ان کے انتخاب میں حصہ لینے سے ڈیموکریٹ پارٹی کے ووٹ تقسیم ہونے کا فائدہ اٹھانے کے لیے بے چین ہیں۔

(وی او اے نیوز)

فورم

XS
SM
MD
LG