رسائی کے لنکس

آسٹریلیا میں قبل از وقت سردی کی آمد، برف باری نے ہر چیز جما دی


آسٹریلیا میں موسمِ سرما کے آغاز سے قبل ہی سردی نے دستک دے دی ہے۔ ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں، ژالہ باری اور اچانک پڑنے والی برف باری نے موسم کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے قصبے اوبرون میں پیر کو برف باری ہوئی ہے جس کے بعد پورے علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

اوبرون کے شہری وینڈی اسٹینٹن کہتے ہیں انہیں بالکل بھی توقع نہیں تھی کہ اس قدر برف باری ہو گی۔

وینڈی نے بتایا کہ اتوار کی دوپہر کو موسم نے اپنے تیور بدلے تھے اور وقت گزرنے کے ساتھ موسم سرد ہو گیا تھا لیکن جب وہ صبح جاگے تو ہر طرف برف ہی برف تھی۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں کے برعکس آسٹریلیا میں جون، جولائی اور اگست کے مہینے سرد ترین مہینے ہوتے ہیں۔ ان مہینوں میں جب سورج ایشیائی ملکوں میں آگ برسا رہا ہوتا ہے وہیں آسٹریلیا میں برف پڑ رہی ہوتی ہے اور درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے چلا جاتا ہے۔

آسٹریلیا میں دسمبر، جنوری اور فروری گرم مہینےہوتے ہیں جب کہ مارچ، اپریل اور مئی کے مہینے موسمِ خزاں کے ہوتے ہیں اور ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں ہر سو بہار ہوتی ہے۔

آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں اتوار کو شدید برف باری ہوئی جس کے بعد درجہ حرارت گر گیا جب کہ پریشر اسکائی ریزورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 سینٹی میٹر تک برف ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ اسکائی سیزن شروع ہونے میں ابھی ایک مہینہ باقی ہے لیکن وہاں ہر طرف برف کے ڈیرے ہیں۔

آسٹریلیا میں موسمِ سرما کے شروع ہونے سے قبل برف باری کے بعد محکمۂ موسمیات نے مویشی رکھنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے جنوب مشرقی علاقوں اور الپائن کے پہاڑی علاقوں میں موسم کی اچانک بدلتی صورتِ حال کے نتیجے میں ان کے جانور ہلاک ہو سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے سینئر میٹرولوجسٹ ڈین نیرامور کے مطابق ملک کے مشرقی علاقوں میں موسم نے اچانک انگڑائی لی اور پارہ صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گر گیا۔

دوسری جانب سڈنی ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق اتوار کی شب ایئرپورٹ کے دو رن وے بند کردیے گئے تھےا جس کی وجہ سے پروازیں تاخیر کا شکار رہیں اور یہ سلسلہ پیر کی دوپہر تک جاری رہا۔

محکمۂ موسمیات نے بدھ تک شدید ٹھنڈ کی پیش گوئی کی ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG