رسائی کے لنکس

ٹیکساس: گاڑی کی ٹکر سے تارکینِ وطن سمیت کم ازکم آٹھ افراد ہلاک، متعدد زخمی


براؤنسویل، ٹیکساس میں اتوارکو کئی تارکینِ وطن اوزانم سینٹر کے قریب ایک بس اسٹاپ پر انتظار کرتے ہوئے گاڑی سے ٹکرانے کے بعد ہلاک ہو گئے۔ پولیس جائے حادثہ پر شواہد اکھٹے کرتے ہوئے۔ (اے پی فوٹو)
براؤنسویل، ٹیکساس میں اتوارکو کئی تارکینِ وطن اوزانم سینٹر کے قریب ایک بس اسٹاپ پر انتظار کرتے ہوئے گاڑی سے ٹکرانے کے بعد ہلاک ہو گئے۔ پولیس جائے حادثہ پر شواہد اکھٹے کرتے ہوئے۔ (اے پی فوٹو)

امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے سرحدی شہر براؤنس ویل میں اتوار کو تارکینِ وطن کی پناہ گاہ کے باہر ایک بس اسٹاپ پرکھڑے مسافروں پر ایک ایس یو وی کے چڑھ جانے سے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ جائے وقوعہ پر موجود افراد نے ملزم کو پکڑ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

ابتدا میں جائے حادثہ پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات بتائی گئی تھی تاہم نشریاتی ادارے 'سی این این'کے مطابق براؤنس ویل پولیس کے تفتیش کار مارٹن سینڈوول نے نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ اسپتال میں ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگیا جس کے بعد نیٹ ورک کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جب کہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

بشپ اینریک سان پیڈرو اوزانم سینٹر کے شیلٹر ڈائریکٹر وکٹر مالڈوناڈو نے کہا کہ انہوں نے حادثے کے بارے میں ایک کال موصول ہونے کے بعد اتوار کی صبح شیلٹر کی نگرانی کرنے والے کیمرے کی ویڈیو کا جائزہ لیاہے۔

مالڈوناڈو نے کہا کہ "ہم ویڈیو میں جو کچھ دیکھ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ایک ایس یو وی رینج روور صرف 100 فٹ کے فاصلے پرسگنل کو توڑتی ہوئی بس اسٹاپ پر لوگوں کے درمیان سے گزرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس یو وی فٹ پاتھ پر چڑھنے کے بعد الٹ گئی اور تقریباً 200 فٹ (تقریباً 60 میٹر) تک چلتی رہی۔ مالڈوناڈو نے کہا کہ بس اسٹاپ پر بیٹھےگروپ سے تقریباً 30 فٹ کے فاصلے پر فٹ پاتھ پر چلنے والے کچھ لوگ بھی مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین نے ڈرائیور کو پکڑ لیا جو موقع واردات سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا جب کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر وینزویلا کے تارکینِ وطن ہیں۔

فادر کیون کولنز، او ایم آئی، سینٹ یوجین ڈی مازنوڈ پیرش کے پادری ہلاکت خیز واقعے کے بعد تارکین وطن کے ساتھ اوزانم سینٹرمیں۔فوٹو رائٹرز
فادر کیون کولنز، او ایم آئی، سینٹ یوجین ڈی مازنوڈ پیرش کے پادری ہلاکت خیز واقعے کے بعد تارکین وطن کے ساتھ اوزانم سینٹرمیں۔فوٹو رائٹرز

براؤنس ویل پولیس کے تفتیش کار مارٹن سینڈوول نے بتایا کہ حادثہ صبح 8:30 بجے کے قریب پیش آیا تاہم پولیس کو یہ نہیں معلوم کہ آیا ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی لوگوں پر چڑھائی۔

سینڈوول نے کہا "حادثے کے تین عوامل ہو سکتے ہیں، اس کی وجہ نشہ ہو سکتا ہے، یا یہ ایک حادثہ ہو سکتا ہے، یا پھر دانستہ اقدام۔"

سینڈووال نے بتایا کہ حادثے کی وجہ بننے والی گاڑی کے الٹنے کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہوا ہے جسے اسپتال لے جایا گیا ہے لیکن اس کا نام یا عمر نہیں بتائی جا سکتی۔ ان کے بقول گاڑی میں کوئی اور مسافر نہیں تھا۔

ایک تباہ ہونے والی SUV
ایک تباہ ہونے والی SUV

سینڈوول نے مزید بتایا کہ ڈرائیور اسپتال میں قطعی تعاون نہیں کر رہا لیکن جیسے ہی وہ اسپتال سے ریلیز ہو گا اسےشہر کی جیل منتقل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا "ہم اس کے فنگر پرنٹ اور مگ شاٹ لیں گے اور پھر اس کی حقیقی شناخت کا پتہ لگا سکتے ہیں۔"

پولیس نے ڈرائیور کےخون کا نمونہ بھی ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی لیب میں یہ جانچنے کے لیے بھیج دیا ہے کہ آیا حادثے کے وقت اس نے کوئی نشہ آور اشیاءاستعمال کی تھیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حادثےکے بارے میں آن لائن گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ایک تیز رفتار ایس یو وی کو فٹ پاتھ پر بیٹھے لوگوں کی قطار میں سے گزرتےہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد کی ایک دوسری ویڈیو میں متاثرین کو زمین پر پڑے ہوئے دکھایا گیا ہے، کچھ خون سے لت پت جانکنی کے عالم میں ہیں جب کہ دیگر بے حرکت پڑے ہیں۔

اس واقعے سے صرف ایک دن قبل ایک شوٹر نےٹیکساس کے ایک شاپنگ مال میں فائرنگ کر کے آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

'رائٹرز'کے مطابق تارکینِ وطن کی پناہ گاہ کے باہر پیش آنے والے واقعے کی ویڈیوز کی غیر جانب دار ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی۔

مالڈوناڈو نے کہا کہ "حادثے سے پہلے مرکز کو کوئی دھمکی نہیں ملی تھی البتہ حادثے کے بعد گیٹ کے پاس کچھ لوگ آئے اور سیکیورٹی گارڈ کو بتایا کہ ایسا ہماری وجہ سے ہواہے۔"

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ "شیلٹر میں 250 افراد کی گنجائش ہے ،گزشتہ دو ماہ میں یومیہ 250 سے 380لوگ آ رہے ہیں جب کہ پچھلے کئی ہفتوں میں سرحدی گزرگاہوں میں آمد میں اضافے نے شہر کو ہنگامی حالت کا اعلان کرنے پر مجبور کیا ہے۔"

ٹیکساس کے رکن کانگرس Vicente González نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ" لورین اور میں اس ہولناک حادثے کے متاثرین کے لیے دعا کر رہے ہیں۔"انہوں نے پولیس کی فوری اور تفصیلی کارروائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا ہے کہ اپنے پڑوس میں اس طرح کے سانحہ پر دل ٹوٹا ہے۔"

اس سانحے کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب حکام جمعرات کو ٹرمپ دور کی ایک وفاقی پالیسی کوختم کرنےکی تیار ی کررہے ہیں جو سرحد پر گشت کرنے والےعہدہ داروں کو پناہ گزینوں کی پناہ کی درخواستوں کو قبول کیے بغیر انہیں ملک بدر کرنے یالوٹا دینے کی اجازت دیتی ہے۔

'ٹائٹل 42' کے نام سے جانے جانے والے اس ضابطے کی معیاد ختم ہونے سے عہدہ داروں کو خوف ہے کہ بغیر دستاویز کے تارکین وطن کے امریکہ میں داخلے میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

(یہ رپورٹ خبر رساں ادارے 'ایسو سی ایٹڈ پریس' اور 'رائٹرز' کی فراہم کردہ اطلاعات پر مبنی ہے۔)

XS
SM
MD
LG