رسائی کے لنکس

مکہ میں دنیا کا سب سے بڑاکلاک نصب


چار وں اطراف میں وقت دکھانے والا یہ کلاک1970 فٹ یعنی 600 میٹر بلند ٹاور پر نصب کیاگیا ہے۔ جب یہ ٹاور مکمل ہوگا تو وہ دبئی کے ٹاور برج خلیفہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے اونچی عمارت ہوگی۔

سعودی عرب میں مکہ میں ، لندن کے بگ بن طرز کا ایک بڑا کلاک لگایا جارہا ہے۔ چار وں اطراف میں وقت دکھانے والا یہ کلاک1970 فٹ یعنی 600 میٹر بلند ٹاور پر نصب کیاگیا ہے۔ جب یہ ٹاور مکمل ہوگا تو وہ دبئی کے ٹاور برج خلیفہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے اونچی عمارت ہوگی۔

مجوزہ کلاک کا قطر 130 فٹ یعنی 40 میٹر ہوگا جو اس وقت ترکی کے شہر استنبول کے سواہر شاپنگ مال میں نصب دنیا کے سب سے بڑے کلاک سے بھی بڑا ہوگا۔ اس کلاک کا قطر 36 میٹر ہے اور وہ شاپنگ مال کے مرکز میں ایک بلند ٹاور پر نصب ہے۔

مکہ میں لگایا جانے والا یہ کلاک خانہ کعبہ سے صاف دکھائی دے گا۔

کلاک رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں تجرباتی طورپر چلایا جارہاہے۔ یہ تجربات تین ماہ تک جاری ر ہیں گے اور اگراس دوران کوئی خرابی ظاہر ہوئی تو اسے دور کردیا جائے گا۔

ابھی تک مینار پر چار رخ والے اس کلاک کا صرف ایک رخ مکمل ہوا ہے اور ا س کی تیاری پر شیشوں کے 89 ہزار ٹکڑے استعمال ہوئے ہیں۔

کلاک کے ہر رخ پر اللہ اکبر لکھا ہوگا اور اس میں ہزاروں رنگ دار روشنیاں لگائی جائیں گی۔

اندازہ ہے کہ یہ کلاک 16 میل یعنی 25 کلومیٹر سے دکھائی دے گا۔ ٹاور کے نچلے حصے میں ایک رصد گاہ بھی بنائی جائے گی۔

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مینار کی چوٹی پر 75 فٹ قطر کا ایک سنہری ہلال بھی لگایا جائے گا جو کلاک سے 200 فٹ اوپر ہوگا اور اس سے تیز روشنیوں کی 15 شعاعیں آسمان کی طرف پھینکی جایا کریں گی۔

کلاک کی لمبائی اپنی بنیاد سے سنہری ہلال تک 820 فٹ ہوگی۔

اس کلاک کا ڈیزائن جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کے انجنیئروں نے تیار کیا ہے اور سعودی عرب کی مذہبی امور کی وزارت کے مطابق اس پورے منصوبے پر 80 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔

خبروں کے مطابق یہ ٹاور کمپلکس سعودی بن لادن گروپ تعمیر کررہاہے۔

XS
SM
MD
LG