رسائی کے لنکس

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ ساز میچ


انگلینڈ کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں کرس گیل کے 162 رنز کسی کام نہ آئے اور ویسٹ انڈین ٹیم یہ میچ 29 رنز سے ہار گئی۔ لیکن ریکارڈ کے اعتبار سے یہ میچ یادگار رہے گا۔

بدھ کو ویسٹ انڈیز میں ہونے والے اس میچ میں جارح مزاج ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے 10 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں کرس گیل نے 97 گیندوں پر 14 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 162 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے جوز بٹلر نے 77 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 150 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 12 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔

اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 48 ویں اوور میں 389 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یہ ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔

یہ میچ کئی اعتبار سے یادگار رہا۔ اس میں مجموعی طور پر 807 رنز بنے جو کسی بھی ایک روزہ میچ کا تیسرا بڑا ٹوٹل ہے۔ اس ٹوٹل میں 532 رنز باؤنڈریز کی شکل میں ملے۔

2006ء میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے میچ میں 872 رنز بنے تھے جو اب تک کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے جب کہ 2009ء میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان راجکوٹ کے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے رنز کی تعداد 825 تھی۔

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے بیٹسمینوں نے چھکوں کی بارش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 46 مرتبہ گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکا۔

میچ کے دوران انگلینڈ نے 24 اور ویسٹ انڈیز نے 22 چھکے لگائے جو کسی بھی ایک روزہ میچ کے دوران لگائے گئے چھکوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس سے پہلے 2013ء میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلور میں 38 چھکے لگائے گئے تھے۔

انگلینڈ نے آخری دس اوورز میں 154 بنائے جو کسی بھی ون ڈے میچ میں دوسرے زیادہ سے زیادہ رنز ہیں۔ 2015ء میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے آخری دس اوورز میں 163 رنز بنائے تھے جو ایک ریکارڈ ہے۔

انگلش بیٹسمینوں نے اس میچ میں مجموعی طورپر 24 چھکے لگائے جو ون ڈے میچ کی کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کی تعداد ہے۔ حالیہ سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 23 چھکے لگائے تھے جو اس سے پہلے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ تھا۔

کرس گیل کے 162 رنز کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی بھی بیٹسمین کے اتنے بڑے اسکور کے باوجود کسی بھی ٹیم کی یہ تیسری شکست ہے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف سچن ٹنڈولکر کے 175 اور جنوبی افریقہ کے خلاف راہول ڈریوڈ کے 173 رنز کے باوجود بھارت کو شکست ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG