پریانکا چوپڑا اور نک جونز شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ ان کی شادی کی دو تقريبات ہوئیں، ایک ہندو رسم و رواج کے مطابق جب کہ دوسری تقریب میں کرسچن روایات کو پیش نظر رکھا گیا تھا۔
پریانکا بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور ان کی عمر 36 سال ہے جب کہ نک جونز ایک امریکی گلوکار ہیں اور وہ صرف 26 سال کے ہیں۔ جونز سات سال کی عمر سے اداکاری بھی کر رہے ہیں۔ وہ قلم کار بھی ہیں اور پروڈیوسر بھی۔
سنیچر یکم دسمبر کو ان کی شادی راجستھان کے شہر جودھ پور میں کرسچن رسم و رواج کے مطابق ہوئی جب کہ اگلے روز وہ ایک بار پھر ہندوانہ روايات کے مطابق پھر شادی کرنے کے لیے اکھٹے ہوئے۔
شادی کی یہ تقریب جودھ پور کے عمید بھون پیلس میں ہوئی جس میں دلہن اور دلہا کے اہل خانہ اور قریبی رشتے داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
کرسچن رواج کی شادی کے موقع پر پانکا چوپڑا نے امریکی ڈیزائنر رالف لارین کا تیار کیا ہوا شادی کا خصوصي سفید گاؤن پہنا تھا جس کی لمبائی 75 فٹ تھی۔ گاؤن میں ہاتھ سے 20 لاکھ موتی جڑے گئے تھے جنہیں لگانے پر 1800 گھنٹے صرف ہوئے۔ جب کہ جونز نے بھی رالف لارین کا خصوصي طور پر ڈیزائن کردہ سوٹ زیب تن کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کے شادی کے ملبوسات میں پوشیدہ طور پر خصوصي الفاظ اور پیغام بھی کندہ کیے گئے تھے جن میں نکولس جیری جونز، یکم دسمبر 2018، مادھو اور اشوک، امید، محبت اور ہمدردی کے الفاظ شامل تھے۔
رالف لارین نے گزشتہ 50 سال کے عرصے میں صرف تین شخصيات کی شادی کے ملبوسات تیار کیے ہیں جن میں پریانکا شامل ہیں۔
پریانکا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر لڑکی کا یہ خواب ہوتا ہے کہ وہ شادی کے دن شہزادی جیسی دکھائی دے۔ لیکن میرا کبھی بھی ایسا نہیں سوچا تھا۔
اتوار کے روز دونوں ایک بار پھر سے شادی کے بندھن میں بندھے لیکن ہندوانہ رسم ورواج کے مطابق۔
اس تقریب میں پریانکا نے سرخ رنگ کا لہنگا پہنا جس پر خوبصورت کشیدہ کاری کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے گلے میں 184 قراط ہیروں کا نیکلس بھی ڈالا جسے 18 قراط کے وائٹ گولڈ میں جڑا گیا تھا۔
پریانکا کی شادی کا خصوصی روایتی لہنگا بھارت کی مشہور ڈیزائنر ابوجانی اور سندیب کھوسلا نے تیار کیا تھا۔ اس تقریب میں جونز بھارت کے روایتی دلہا کی طرح سنہرے رنگ کی شیروانی اور پاجامے میں ملبوس تھے اور انہوں نے سر پر روایتی پگڑی بھی باندھ رکھی تھے۔