چین اور امریکہ کے درمیان کرونا وائرس کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکہ میں زیرِ تعلیم چینی طلبہ کا مستقبل بھی غیر یقنی صورتِ حال سے دوچار ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ چین سے متعلق جمعے کو اہم اعلان کریں گے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی جمعرات کو کہا ہے کہ چین کے طلبہ کی مدد سے مبینہ جاسوسی کو روکنے کے لیے امریکہ اہم اقدامات اٹھائے گا۔
امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی تنازع کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ، انسانی حقوق اور ہانگ کانگ کے معاملے پر دونوں ملک ایک دوسرے کے خلاف کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
صدر ٹرمپ چین کو امریکہ سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں تاہم چین ان الزامات کی نفی کرتا آیا ہے۔
جمعرات کو ایک تقریب کے دوران صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چین سے خوش نہیں ہیں، خاص طور پر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے، جس نے 186 ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور پوری دنیا اذیت میں مبتلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران امریکہ اور چین کے درمیان جاری تنازع سمیت ہانگ کانگ کی صورتِ حال اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر بات کریں گے اور چین سے متعلق ہم اعلان بھی کریں گے۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی خبردار کر چکے تھے کہ وہ رواں ہفتے چین کے خلاف ایکشن لیں گے۔ تاہم انہوں نے اس ایکشن کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔
امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہانگ کانگ پر کنٹرول مزید مضبوط کرنے کے لیے چین کے حالیہ اقدامات کے بعد صدر ٹرمپ چینی حکام پر سفری اور معاشی پابندیاں عائد کریں گے۔
جمعرات کو 'فاکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران جب وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے پوچھا گیا کہ کیا امریکہ میں زیرِ تعلیم چین کے طلبہ پر پابندی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے؟ اس پر اُن کا کہنا تھا کہ چین کے طلبہ کو جاسوسی کے لیے ہمارے اسکولوں میں نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے، صدر ٹرمپ اور وہ اہم اقدامات کے لیے پرامید ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ جمعے کو صدر ٹرمپ جو اعلان کرنے جا رہے ہیں وہ امریکہ میں زیرِ تعلیم چین کے طلبہ سے متعلق ہو گا۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم یہ یقینی بنائیں کہ وہ طلبہ جو چین سے تعلیم حاصل کرنے امریکہ آتے ہیں وہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی ایما پر کام نہ کر رہے ہوں۔
نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ حکومت نے امریکہ میں تعلیم مکمل کر کے چین کی فوج کا حصہ بننے والے ہزاروں چینی باشندوں کے ویزے منسوخ کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔