رسائی کے لنکس

چین: جنسی مواد پر مشتمل 50 ویب سائٹس بند


چین: جنسی مواد پر مشتمل 50 ویب سائٹس بند
چین: جنسی مواد پر مشتمل 50 ویب سائٹس بند

چینی حکام نے انٹرنیٹ پر عائد قدغنیں مزید سخت کرتے ہوئے 50 ایسی ویب سائٹس بند کرنے کا اعلان کیا ہے جو ان کے بقول جنسی اور "اخلاق باختہ" مواد کی اشاعت میں ملوث تھیں۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'سنہوا' نے ملک میں انٹرنیٹ کے منتظم ادارے 'اسٹیٹ انٹرنیٹ انفارمیشن آفس' سے منسلک ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ بند کی گئی ویب سائٹس میں بعض بلاگز بھی شامل ہیں جو ان کے بقول بے راہروی پر مشتمل معلومات اور جنسی سرگرمیوں کی غیر قانونی تشہیر میں ملوث پائے گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویب سائٹس کو بند کرنے کا فیصلہ ان کے خلاف درج ہونے والی عوامی شکایات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ خبر میں یہ وضاحت موجود نہیں کہ ان شکایات کا اندراج کب ہوا تھا اور ویب سائٹس کی بندش کب کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بیجنگ حکومت چینی عوام میں مقبول 'مائیکرو بلاگز' کی نگرانی بڑھانے کا عندیہ دے چکی ہے جن کے قارئین کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 20 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

حالیہ مہینوں کے دوران ان ویب سائٹس پر ایسے تبصرے بھی شائع کیے گئے جن میں سرکاری پالیسیوں اور حکام کے مبینہ اسکینڈلز کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جولائی میں پیش آنے والے ایک ریل حادثے کے بعد بھی ان بلاگز پر شائع ہونے والے تبصروں میں حکومت پر سخت نکتہ چینی کی گئی تھی۔

ان بلاگز کی لکھاریوں نے حکام کی ان وضاحتوں کو مسترد کردیا تھا جو انہوں نے اس ریل حادثے کے بارے میں پیش کی تھیں جس کے دوران 40 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ بعد ازاں خود بیجنگ حکومت نے حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی تھی اور ریلوے کے کئی قومی اور علاقائی عہدیداران کو عہدوں سے برطرف کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG