چینی وزیر اعظم وین جیاباؤ نے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک کے زرمبادلہ کی شرح تبدیل کرنے کے لیے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
چینی راہنما نے بیجنگ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک یوان کی قدر کے دوبارہ تعین کے لیے بیرونی دباؤ قبول نہیں کرے گا۔
امریکی صدر براک اوباما نے پچھلے ہفتے چین پر زور دیا تھا کہ وہ عالمی معیشت کو دوبارہ متوازن بنانے میں مدد کے لیے اپنی کرنسی کی قدر کا تعین مارکیٹ کے مطابق کریں۔
اوباما انتظامیہ بیجنگ پر یہ الزام لگاچکی ہے کہ اُس نے عالمی مارکیٹ میں چینی مصنوعات کو سستا رکھنے کے لیے یوان کی قدر مصنوعی طریقے سے کم رکھی ہوئی ہے۔
چینی وزیر اعظم نے امریکہ پر بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا کرنے کا الزام بھی لگایا ۔
اُنھوں نے امریکہ اور تائیوان کے درمیان ہتھیاروں کے اربوں ڈالر مالیت کے معاہدے اور صدر اوباما کی تبت کے جلاوطن روحانی پیشوا دلائی لامہ کے ساتھ پچھلے ماہ ہونے والی ملاقات کا ایک بار پھر تذکرہ کیا۔