رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی: چین


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چینی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاک چین تعلقات میں مداخلت کرنے یا بداعتمادی پیدا کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

چینی وزیرِ خارجہ نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ دونوں رہنما اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں جہاں انہوں نے منگل کو سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کے اس نئے دور کا خیرمقدم کرتا ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد شروع ہوا ہے۔

لیکن چینی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاک چین تعلقات میں مداخلت کرنے یا بداعتمادی پیدا کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کو اقتصادی راہداری منصوبے کوآگے بڑھانے، تجارت کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ پاکستان کے عوام تک ان کے ثمرات پہنچ سکیں۔

چینی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں نئی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد 'سی پیک' منصوبوں کے از سرِ نو جائزے اور ان منصوبوں میں بڑی تبدیلیوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے ہی پاکستان کی حکومت نے وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کے بعد اعلان کیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔

گوکہ پاکستانی حکومت نے کہا تھا کہ اس نے چین کو اس فیصلے پر اعتماد میں لیا ہے لیکن تاحال چین کی طرف سے پاکستان کے اس اعلان پر کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ذرائع ابلاغ میں آنے والی بعض خبروں کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت نے چین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ 'سی پیک' منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھے گی اور ان منصوبوں کے متعلق پاکستان کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔

منگل کو بھی نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے وانگ یی کو بتایا کہ حالات میں تبدیلی کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

چینی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے جس کے ذریعے پاکستان میں ملازمتوں، ترقی اور معیارِ زندگی میں بہتری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت اقتصادی راہداری کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ملاقات میں چینی ہم منصب کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح رہے گا۔

XS
SM
MD
LG