رسائی کے لنکس

چین: فنکار کو 23 لاکھ ڈالر ٹیکس ادا کرنے کا نوٹس


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

حکومت مخالف فنکار آئی وئیوئی (Ai Weiwei) نے کہا ہے کہ چینی عہدے داروں نے ان کی کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ جرمانے اور سابقہ محصولات کی مد میں 23 لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد رقم نومبر کے وسط سے قبل ادا کریں۔

آئی نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ وہ رقم جمع نہیں کرائیں گے تاوقتیکہ وہ اور ان کے اکاؤنٹنٹس اس بات کا تعین نہ کر لیں کہ کمپنی دارصل محصولات جمع کرانے میں ناکام رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ابھی تک اس لیے ممکن نہیں ہو سکا ہے کیوں کہ اپریل میں ان کی گرفتاری کے بعد قبضے میں لی گئی اکاؤنٹ بکس حکومت نے واپس نہیں کی ہیں۔

آئی چین کے معروف ترین فنکاروں میں سے ایک ہیں۔ اُنھیں بغیر کسی الزام کے دو ماہ سے زائد عرصے تک نامعلوم مقام پر زیر حراست رکھنے کے بعد جون کے آخر میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

ان کا اور ان کے خاندان کا ماننا ہے کہ یہ گرفتاری حکومتی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرنے کا نتیجہ تھی۔

آئی کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹیکس کا نوٹس ’بیجنگ فیک کلچرل ڈویلپمنٹ لمیٹڈ کو بھیجا گیا جس کی مالک اُن کی اہلیہ لو چِنگ ہیں، لیکن بظاہر اس کا اصل ہدف وہ خود ہیں۔

XS
SM
MD
LG