رسائی کے لنکس

کشتیوں میں تصادم:جاپان چین سے معاوضہ طلب کرے گا


چینی ماہی گیروں کی کشتی
چینی ماہی گیروں کی کشتی

جاپان کا کہنا ہے کہ وہ چین سے اپنی کشتیوں کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ طلب کرنے کا کہے گا جنہیں رواں ماہ چینی ماہی گیروں کی کشتی کی ٹکر سے نقصان پہنچا تھا۔

یہ بات کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیتو سینگو کو نے پیر کے روز بتائی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کا آغاز اب چین پر منحصر ہے۔

چین مسلسل اصرار کررہا ہے کہ جاپان اس کی کشتی کے کپتان کی گرفتاری پر معذرت کرے اور اس کا ہرجانہ ادا کرے تاہم ایک روز قبل جاپانی وزیراعظم نائتو کان نے اسے مسترد کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقی چینی سمندر میں غیر آباد جزائر جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا، جاپان کا حصہ ہیں۔

جاپان ان جزائر کو سینکاکو اور چین انھیں دیاؤیو کے نام سے پکارتا ہے اور ٹوکیو اور بیجنگ دونوں ہی انھیں اپنے اپنے ملک کا حصہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان جزائر کے گرد سمند رمیں آبی حیات کے علاوہ تیل و گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں چینی ماہی گیروں کی ایک کشتی اس علاقے میں جاپانی سمندری محافظو کی کشتیوں سے ٹکرا گئی تھی جس پر جاپان نے ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا تھا لیکن بعد ازاں انھیں رہا کردیا تاہم کشتی کے کپتان کو اپنی تحویل میں ہی رکھا۔

گذشتہ ہفتے اس کپتان کو رہا کردیا گیا تھا جس کے بعد چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ یہ گرفتاری غیر قانونی تھی اور جاپان اس پر معذرت کرے۔

اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG