رسائی کے لنکس

چین: مارکیٹ میں آتشزدگی سے کم ازکم 18 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امدادی کارروائیوں میں لگ بھگ تین سو کارکنوں نے حصہ لیا جنہیں عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

چین کے جنوبی علاقے کی ایک مارکیٹ میں آتشزدگی سے کم ازکم 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو جنوبی صوبہ گوانگ ڈو کے علاقے ہوئی ڈونگ میں سپرمارکیٹ کی عمارت میں پیش آیا۔

حکام کے بقول یہ آگ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی جس سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس پر رات دیر گئے قابو پا لیا گیا۔

امدادی کارروائیوں میں لگ بھگ تین سو کارکنوں نے حصہ لیا جنہیں عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تاحال آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے لیکن حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس مارکیٹ میں کام کرنے والے چند افراد کو تحویل میں بھی لیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ عمارت میں آتشزدگی کی صورت میں باہر نکلنے کے لیے کوئی ہنگامی راستہ موجود نہیں تھا یہاں پھنسے بعض لوگوں کو ایک بیرونی دیوار کو توڑ کر باہر نکالا گیا۔

چین میں اس سے قبل بھی کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر آتشزدگی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

تقریباً دو سال قبل شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک مرغی خانے میں آتشزدگی سے لگ بھگ ایک سو افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG