سپریم کورٹ نے ڈیم کی تعمیر کیلئے وزارت خزانہ کی طرف سے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری خزانہ کو ذاتی حیثیت میں کل طلب کرلیا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئے کہ لوگ حکومت کو ایک روپیہ دینے کو تیار نہیں۔ ایک دھیلے کی بھی کمیشن نہیں کھانے دیں گے۔ ڈیم کی تعمیر پر پہرہ دیں گے۔ کوئی کرپشن نہیں ہونے دیں گے۔ پاک فوج نے بھی ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈز میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ کی جانب سے عوام سے ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں قائم فنڈ میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی گئی تھی اور اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اکھٹا کی گئی رقم صرف ڈیمز کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔
عدالتی احکامات کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیر بھاشا اور مہمند کی تعمیر کے لیے فنڈز قائم کیے تھے۔
سوموار کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسٹیٹ بینک یہ تاثر قائم کر رہا ہے کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے اکاؤنٹ حکومت نے بنایا اور اس عمل سے ’اسٹیٹ بینک نے ہمیں تکلیف پہنچائی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹ کھولنے میں 3 دن لگا دیے۔ اسٹیٹ بینک ہمیں ایک جگہ سے دوسری جگہ گھماتا رہا جبکہ ’لوگ ڈیم کے لیے پیسے لے کر گھوم رہے ہیں، ڈیم کے لیے پیسے دینے والوں کے ہاتھ چومنے چاہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اخبارات کی خبریں اور اشتہارات دیکھیں، تاثر دیا جارہا ہے کہ فنڈ حکومت پاکستان نے بنایا۔ وزیر خزانہ کہتی ہیں اکاؤنٹ انہوں نے کھولا۔ خاتون ہونے کے احترام میں انہیں نہیں بلا رہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کئی لوگ رجسٹرار کو چیک دیکر چلے گئے ہیں۔ عدالت نے یہ اکاؤنٹ کھلوایا ہے اور رجسٹرار اس کو دیکھ رہے ہیں۔ ایک دھیلے کی بھی کمیشن نہیں کھانے دیں گے۔ ڈیم کی تعمیر پر پہرہ دیں گے۔ کوئی کرپشن نہیں ہونے دیں گے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو معاملے پر وزیراعظم سے بات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آنے والے 2 چیف جسٹس صاحبان کو بھی کہہ دیں گے کہ وہ بھی اس عمل کی نگرانی کریں۔ عدالت نے سیکریٹری فنانس کو کل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دیا مربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمل درآمد کمیٹی کا اسلام آباد میں سیکرٹریٹ بھی قائم کردیا گیا ہے۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین عملدرامد کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں گے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے اسلام آباد میں قائم کئے گئے سیکرٹریٹ میں 12جولائی کو منعقد ہو گا۔
دوسری جانب مسلح افواج نے بھی ڈیموں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج دیا مر، بھاشا مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈز میں حصہ ڈالے گی۔ افواج پاکستان کے افسران دو دن کی تنخواہ کار خیر میں جمع کرائیں گے جبکہ تینوں مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ کار خیر میں جمع کرائیں گے۔