رسائی کے لنکس

چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے چھ نام تجویز


حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ رحمت جعفری، جسٹس ریٹائرڈ چوہدری اعجاز اور سابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان کے نام دیے ہیں؛ جب کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام تجویز کیے گئے ہیں

پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ چئیرمین نیب کی تقرری کے لئے وزیر اعظم نے 3 نام دیے ہیں، جبکہ اپوزیشن نے بھی چئیرمین نیب کے لیے 3 نام پیش کر دیے ہیں۔

حزب اختلاف کے قائد، سید خورشید شاہ نے چیرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے چیرمین نیب کے لئے 3 نام تجویز کئے گئے ہیں، جس میں جسٹس ریٹائرڈ رحمت جعفری، جسٹس ریٹائرڈ چوہدری اعجاز اور سابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان کے نام شامل ہیں۔

سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیرمین نیب کے لئے جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔

خورشید شاہ نے بتایا کہ اشتیاق احمد کا نام جماعت اسلامی کے کہنے پر شامل کیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم سے رابطہ بھی کیا گیا، لیکن اس کے باوجود دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی نام نہیں دیا گیا۔

قائد حزب اختلاف نے امید ظاہر کی کہ 8 اکتوبر سے پہلے چیرمین نیب کی تقرری کا معاملہ حل ہو جائے گا اور اس حوالے سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کے درمیان 5 اکتوبر کو دوبارہ بیٹھک ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ایک روز قبل بھی ملاقات کی تھی جس میں چیرمین نیب کی تقرری کے حوالے سے تبادلہٴ خیال کیا گیا تھا۔

نئے چئیرمین نیب کی تقرری کے لیے اپوزیشن اور حکومت کا ایک نام پر متفق ہونا ایک آئینی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے پیش نظر اپوزیشن لیڈر اور وزیر اعظم کے درمیان رابطے جاری ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے چئیرمین نیب کے تقرر کے لیے ہی پی ٹی آئی سے اپوزیشن لیڈر بنانے کی کوشش شروع کر رکھی ہے۔ لیکن، اب تک انہیں اس میں کامیابی نہیں حاصل ہو سکی۔ پی ٹی آئی میں اب تک اپوزیشن لیڈر کے امیدوار پر اتفاق نہیں ہوسکا اور عمران خان کے لیے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر بنیں۔ دوسری جانب، پیپلز پارٹی نے بھی اس حوالے سے فاٹا ارکان سمیت جماعت اسلامی، جے یو آئی اور دیگر جماعتوں سے رابطے کر رکھے ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے موجودہ چئیرمین قمر زمان چوہدری رواں ماہ کی 10 تاریخ کو اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG