چاڈ کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے رواں ہفتے کیمرون کی سرحد کے قریب نائیجیریا کے ایک علاقے میں لڑائی کے دوران بوکو حرام کے 207 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق یہ لڑائی گامبارو نامی علاقے کے قریب ہوئی جہاں حالیہ مہینوں میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام حالیہ مہینوں میں متواتر حملے کرتی رہی ہے۔ جھڑپ میں ایک فوجی ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔
چاڈ کی فوج کے اس اعلان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس نے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور دو ٹرک بھی قبضے میں لیے ہیں۔
نائیجر، کیمرون اور چاڈ نے بوکو حرام سے نمٹنے میں نائیجیریا کی مدد کے لیے مشترکہ مہم شروع کر رکھی ہے۔
چاڈ نے گزشتہ ماہ ہی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے سلسلسے میں اپنی فوجیں تعینات کی تھیں۔
افریقی یونین نے جنوری میں ایک علاقائی فورس تشکیل دینے کی منظوری دی تھی جس میں بینن کی فوج بھی شامل ہو گی اور اب یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کارروائی کے لیے اختیارات کی متقاضی ہے۔