رسائی کے لنکس

کارواں کسی کو امریکہ میں داخلے کا حق نہیں دیتا


کارواں میکسیکو کے سرحدی شہر ٹی وانا پہنچ گیا ہے۔
کارواں میکسیکو کے سرحدی شہر ٹی وانا پہنچ گیا ہے۔

امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کی وزیر کرسچین نیلسن نے امریکہ میں پناہ کی تلاش میں آنے والے وسطی امریکہ کے تارکین وطن کو متنبہ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ غیر قانونی طریقے سے ملک میں داخل ہونے والوں اور پناہ کیلئے جھوٹی درخواستیں جمع کرنے والوں کو برادشت نہیں کرے گی۔

منگل کے روز ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے امریکہ میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو پناہ نہ دینے کے خلاف حکمِ امتناعی جاری کیا ہے۔

وسطی امریکہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں تارکین وطن کا کارواں، میکسیکو کے سرحدی شہر ٹی وانا پہنچ چکا ہے۔ اس میں شامل بہت سے افراد بینیٹو جو ایریز سپورٹس سٹیڈیم میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ اس جگہ ٹھہرانے میں ترجیح خواتین اور بچوں کو دی گئی ہے۔

اس کارواں کے وہاں پہنچنے سے پہلے،ہنڈورس کی شہری لیومارس ایل برینجا اپنے خاوند اور بچوں کے ساتھ ٹی وانا پہنچی تھیں۔ وہ پناہ کی درخواست دائر کرنے کیلئے اپنی باری کا انتظار کر رہی ہیں۔

جب ان سے وزیر ہوم لینڈ سیکورٹی کے اُس بیان کے بارے میں پوچھا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا دعوی سچا نہ ہوا تو اسے پناہ نہیں دی جائے گی۔ ایلبرینجا کا کہنا تھا کہ اُن کے الفاظ حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راستے میں بہت سے مواقعوں پر ان کی حوصلہ شکنی ہوئی اور وہ واپس جانا چاہتی تھی۔ تاہم خدا نے انہیں یہاں آنے کی ہمت اور حوصلہ عطا کیا۔

کارواں میں شامل زیادہ تر افراد خیموں میں سوتے ہیں۔ ان تارکین وطن کو دن میں کم از کم دو دفعہ کھانا دیا جاتا ہے، اور ٹی وانا شہر نے ان کے تحفظ اور مخصوص ضروریات کا انتظام بھی کیا ہوا ہے۔

ہر چند کہ وہ مشکل حالات میں رہ رہے ہیں، لیکن، زیادہ تر نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ انہیں امریکہ میں داخلے کی جازت مل جائے گی۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے لےمورس البرینجا کا کہنا تھا کہ وہ برے لوگ نہیں ہیں، اور اُنہیں موقع دیا جائے کیونکہ ان کے ملکوں میں انہیں مواقع نہیں ملتے۔ اس ساری مصیبت اٹھانے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کر سکیں۔

تاہم وزیر ہوم لینڈ سیکورٹی کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں کو پناہ نہیں دی جائے گی جو صرف یہاں کام کیلئے آنا چاہتے ہیں۔ کرسچین نیلسین کا کہنا ہے کہ غلط دعوے جمع کرانے کے معنی یہ ہونگے کہ وہ لوگ جن کے دعوے جائز ہیں ان کا کیس پیچھے چلا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارواں کسی کو یہ خصوصی حق نہیں دیتا کہ وہ امریکہ داخل ہو سکے۔ کارواں کے ارکان کو اپنی باری کا انتطار کرنا پڑے گا اور انہیں اس وقت موقع ملے گا جب ان سے پہلے آنے والوں کے کیس کلیئر ہو جائیں گے۔

ٹی وانا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کی مدد کرتے رہیں گے،اور ان کی بھی جو مہینوں تک اپنی باری آنے کا انتظار کریں گے۔

XS
SM
MD
LG