امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر ٹیری میکالف کے مطابق ورجینیا کے کالج ٹاون شارلٹس ول میں ہفتے کے روز تین افراد ہلاک اور انیس اس وقت زخمی ہو گئے، جب سفید فام قوم پرستوں کی ایک ریلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پیدل افراد پر ایک شخص نے گاڑی چڑھا دی۔
پولیس نے کار سوار کو گرفتار کر لیا ہے ۔ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب سفید فاموں کی ریلی کے خلاف احتجاج کرنے والے علاقہ خالی کر رہے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ "ہم شارلٹس ول ورجینیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم ممکنہ طور پر سخت ترین الفاظ میں نفرت، عدم برداشت اور تشدد کے اس مظاہرے کی مذمت کرتے ہیں، جو ہر طرف سے کیا گیا۔۔۔۔ہر طرف سے۔"
پولیس نے ہفتے کی دوپہر کو شارلٹس ول میں ہونے والے اس اجتماع کو غیر قانونی اجتماع قرار دے دیا تھا۔ اور ریلی میں شریک افراد کو گھروں کو واپس جانے کو کہا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے موبائل فون سے بنائی گئی وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ نا معلوم گاڑی نے اپنے آگے جانے والے گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری اور پھر گاڑی نے تیز رفتاری سے پیچھے ہٹتے ہوئے پیدل چلنے والوں کو لپیٹ میں لے لیا۔۔کچھ اور وڈیوز میں اسلحہ بردار اور ڈھال اٹھائے ہوئے مظاہرین ایک دوسرے پر مکے برسا رہے ہیں، جب کہ اُن سے الجھنے والوں نے بھی وہی حربے اپنائے ہوئے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے سے پہلے احتجاج کرنے والوں اور جوابی کارروائی کرنے والے مظاہرین کے درمیان تشدد کی متعدد جھڑپیں ہوئیں ۔
ورجینیا کے گورنر، ٹیری مکالیف نے ٹوئٹر پر ہنگامی صورت حال نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''یہ اس لیے ضروری ہوگیا تھا، تاکہ شارلٹس ول میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے تشدد پھیلانے والوں کا توڑ کیا جاسکے''۔
اپنے ٹوئیٹ میں، اُنھوں نے کہا کہ ''شارلٹس ول میں گذشتہ 12 گھنٹوں کے دوران ہونے والی حرکات اور بیانیہ ناقابل قبول ہے جسے بند ہونا چاہیئے۔ آزادی اظہار کا مطلب تشدد کی راہ اپنانے کا اختیار ہرگز نہیں ہے''۔
روایتی طور پر ڈیمو کریٹک ووٹنگ ٹاون سمجھے جانے والے شارلٹس ول قصبے کو ریاست ورجینیا کی آئیوی لیگ قرار دی جانے والی یونیورسٹی آف ورجینیا کا گھر سمجھا جاتا ہے۔ قوم پرست سفید فاموں کا اجتماع شارلٹس ول کی انتظامیہ کی جانب سے شہر سے کینفیڈریسی کی علامات ختم کرنے کے فیصلے کے بعد منعقد کیا گیا تھا۔ جمعے کی رات بھی یونیورسٹی میں جمع ہونے والے مشعل بردار سفید فام قوم پرستوں اور ان کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تھیں۔
ہفتے کی دوپہر ہونے والے اجتماع کو 'یونائٹ دا رائٹ' ریلی قرار دیا گیا تھا، جس میں شرکت کے لئے سفید فام قوم پرست اور دائیں بازو کی سوچ رکھنے والے احتجاجی امریکہ بھر سے شارلٹس ول پہنچے تھے۔۔اور ریاست کے گورنر نے لوگوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ کیمپس سے دور رہیں۔
ایک اور واقعے میں ہفتے کی دوپہر شارلٹس ول کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ، حادثے میں پائلٹ اور ایک مسافر کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ پولیس نے اب تک واقعے کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔