رسائی کے لنکس

کینز فلم فیسٹول: بالی وُوڈ فنکاروں کے لباس پھیکے پڑ گئے


فنکاروں نے میلے میں شرکت کی غرض سے انتہائی مہنگے اور مشہور اسٹائلز کے کپڑے زیب تن کئے لیکن یہ انتہائی غیر دلچسپ اور ’بھونڈے‘ لگ رہے تھے۔

دنیا بھر کے مشہور فلم فیسٹیولز میں سے ایک ’کینز فلمی میلہ‘ ان دنوں فرانس میں پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ فیسٹول کی ایک خاص بات بالی ووڈ انڈسٹری کے ٹاپ کلاس فنکاروں کی شرکت بھی ہے۔ ایشوریہ رائے، امیتابھ بچن، سونم کپور، ودیا بالن۔۔ اور دیگر ایک سے بڑھ کر ایک اسٹار وہاں موجود ہیں۔
ان فنکاروں نے میلے میں شرکت کی غرض سے انتہائی مہنگے اور مشہور اسٹائلز کے کپڑے زیب ِتن کئے ہوئے ہیں لیکن ایک بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اس بار بھارتی فنکاروں کی پوشاک انتہائی غیر دلچسپ اور ’بھونڈی‘ ہے۔
اخبار کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ کینز فیسٹول کے ’ریڈ کارپٹ‘ پر ’واک‘ کا بالی ووڈ اسٹارز کچھ زیادہ ہی اثر لیتے ہیں۔۔ اس قدر زیادہ۔۔۔ کہ کچھ ’ہٹ ‘ کے نظر آنے کے چکر میں معاملہ الٹا ہوجاتا ہے۔ حالانکہ ریڈ کارپٹ پر واک ایسا موقع ہوتا ہے جب پوری دنیا کی نگاہیں آپ پرجمی ہوتی ہیں۔ اس وقت اگر ڈریس ڈھنگ کا نہ ہو تو آپ اپنے ملک اور انڈسٹری کو لوگوں تک اچھے انداز میں نہیں پہنچا سکتے۔۔۔
سابقہ ملکہ حسن اور کینز فیسٹول میں سب سے زیادہ مرتبہ شرکت کرنے والی ایشوریہ رائے کے سیاہ لباس کے بارے میں اخبار کا کہنا تھا، ’ایشوریہ نے ایک دن میں تین مرتبہ پبلک کو اپنا جلوہ دکھایا لیکن ہر مرتبہ انہوں نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا۔‘ عموماً بھارت کے تمام اسٹارز ہی سیاہ رنگ کو دوسرے رنگوں پر ترجیح دیتے ہیں کیوں کہ سیاہ رنگ میں بھاری جسامت کے لوگ بھی ’دبلے‘ ‘نظر آتے ہیں۔شاید یہی وجہ ہے کہ ایشوریہ نے بھی سیاہ رنگ کو اپنایا اور زیادہ تر اسی رنگ کے کپڑے پہنے۔ اس کی بدولت ہی شاید ایشوریہ کو ’پاسنگ مارکس‘ ملے۔ ان کی بلیک ساڑھی کے پلو اور بارڈر پر گولڈن کڑھائی سے اچھا تاثر مل رہا تھا۔
خوبصورت، تروتازہ اور خوش باش سونم کپور کی بات کی جائے تو وہ عام طور پر اسٹائلش ڈریسنگ کی وجہ سے جانی پہچانی جاتی ہیں لیکن کانز میں ’دیسی لک‘ دکھانے کے چکر میں ان کا ڈریس بھی رنگ نہیں جما پایا۔ تاہم سونم نے عقلمندی یہ کی کہ اپنی بھاری کام والی ساڑھی کے اوپر ڈھیر سارا زیور لادنے کے بجائے صرف ناک میں لونگ پہنی جس سے ان کا کچھ بھرم رہ گیا۔
ودیا بالن کی ڈریسنگ کو تو عام طور پر بھی ’منفی‘ مارکس ہی ملتے ہیں۔ کینز میں انہوں نے ہندی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے جو گھاگھرا چولی پہننا وہ گلیمر اور اسٹائل کے اس میلے میں پہننا صرف ودیا ہی کی جرات ہوسکتی تھی۔ گول گلے اور فل آستیوں والے بلاؤز کو دیکھ کر جو احساس ہوا وہ کچھ زیادہ خوشگوار اثر نہیں چھوڑ پایا۔۔۔ ثابت یہ ہوا کہ ودیا جی کو اپنی ڈریسنگ پر بہت زیادہ محنت اور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اور آخر میں ’دی ون اینڈ اونلی‘ امیتابھ بچن۔۔۔ بلیک سوٹ زیب تن کرنے والے امیت جی کو سراہتے ہوئے اخبار نے انہیں مفت مشورہ دیا ہے کہ ”امیتابھ تو سادہ سوٹ میں بھی بہت باوقاراور ڈیشن نظر آتے ہیں اس لئے ’چمکیلے‘ سوٹ نہ پہننا کریں۔۔۔۔ کیونکہ ’چمک دمک‘ سے آپ کی پرسنالٹی ’اٹھنے‘ کے بجائے ’ڈاؤن‘ ہوجاتی ہے۔۔۔
XS
SM
MD
LG