رسائی کے لنکس

’بل بورڈ میوزک ایوارڈ‘؛ 13 ایوارڈز ڈریک کے نام


کینیڈین ریپر ڈریک نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے، مختلف کیٹگریز میں تیرہ ٹرافیاں حاصل کرکے برطانوی گلوکارہ اڈیل کا 2012 میں 12 ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا

میوزک، ڈانس اور شاندار پرفارمنس سے سجی بل بورڈ میوزک ایوارڈز کی شام رہی ریپر ڈریک کے نام جنہوں نے 13 ایوارڈ جیت کر برطانوی گلوکاری اڈیل کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

لاس ویگاس میں بل بورڈز ایوارڈز کی رنگوں میں نہائی اور خوشبوؤں سے مہکتی تقریب میں میوزک، فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ستاروں نے بھرپور شرکت کی۔

کینیڈین ریپر ڈریک نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مختلف کیٹگریز میں 13 ٹرافیاں حاصل کرکے برطانوی گلوکارہ اڈیل کا 2012 میں 12 ایوارڈز جیتنے کا ریکار ڈ توڑ دیا۔

برطانوی خبر ایجنسی، رائٹرز کے مطابق ڈریک کو ملنے والے ایوارڈز میں بل بورڈ 200 البم، ٹاپ میل آرٹسٹ اور ایوارڈز کی شام کا سب سے بڑا ٹاپ آرٹسٹ ایوارڈ بھی شامل ہے۔

بیونسے اور ٹوئنٹی ون پائلٹس نے پانچ پانچ ایوارڈز اپنے نام کئے۔ چین اسموکرز نے ٹاپ کولیبریشن اور ٹاپ سونگ سمیت چار ایوارڈز جیتے۔

چین اسموکرز کو ہیسلی کے ساتھ ان کے گانے کلوزر پر ٹاپ سونگ کا ایوارڈ دیا گیا۔ بیونسے بہترین گلوکارہ کے ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔

اکہتر سال کی گلوکارہ شیر کو میوزک کے شعبے میں ان کی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے نوازا گیا۔

زین ملک کو بہترین نئے آرٹسٹ کا ایوارڈ ملا۔ پوپ گروپ بی ٹی ایس نے جسٹن بیبر اور سیلینا گومز جیسے ٹاپ آرٹسٹس کو مات دیتے ہوئے ٹاپ سوشل آرٹسٹ کا ایوارڈ جیتا۔

میوزک ایوارڈز کی تقریب میں میوزک اور ہلا گلا نہ ہو ایسا بھلا کیسے ممکن ہے۔

میوزک انڈسٹری کے میگا اسٹارز کی مناج، برونو مارس، لارڈی، دی چین اسموکرز ملی سائرس اور دیگر نے ایسی دھماکے دار پرفارمنسز دیں کہ دیکھنے والے جھوم جھوم اٹھے۔

XS
SM
MD
LG