رسائی کے لنکس

کینیڈا: آتشزدگی کے مزید پھیلنے کا خدشہ


چاڈ موریسن کے مطابق شدید گرم موسم کے باعث آگ پر قابو پانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں اور اگر بارش ہو جائے تو ہی اس آتشزدگی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

کینیڈا میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ البرٹا صوبے کے علاقے فورٹ مک کرے میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے باوجود یہ آتشزدگی اختتام ہفتہ تک مزید پھیل سکتی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں سے لوگوں کے انخلا کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا اور مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔

پولیس اور فوج کے اہلکار متاثرہ شہر سے لوگوں کے انخلا کے عمل کی نگرانی میں مصروف ہیں جب کہ یہاں سے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں اور جہازوں کے ذریعے بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔

جمعہ کو آٹھ ہزار لوگوں کو فضائی مدد کے ذریعے یہاں سے منتقل کیا گیا اور توقع ہے کہ ہفتے کی شام تک مزید اتنے ہی افراد کو یہاں سے ایسے ہی نکالا جائے گا۔

البرٹا کی مقامی حکومت علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کر چکی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ آتشزدگی تقریباً ایک ہزار مربع کلومیٹر تک پھیل چکی ہے۔

تاحال اس میں کسی کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

البرٹا میں جنگلات کی آگ سے بچاؤ کے محکمے کے عہدیدار چاڈ موریسن نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ یہ آگ دور دراز علاقوں میں جنگلات تک بھی پھیل سکتی ہے۔

ان کے بقول شدید گرم موسم کے باعث اس پر قابو پانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بارش ہو جائے تو ہی اس آتشزدگی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

موریسن نے بتایا کہ "ہم نے اس علاقے میں گزشتہ دو ماہ سے بارش نہیں دیکھی۔ یہ قابل ذکر مقدار میں بارش نہیں ہوتی تو یہ آگ خاصے وقت تک یوں ہی لگی رہ سکتی ہے۔"

کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار کو یہاں بارش کا چالیس فیصد امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG