رسائی کے لنکس

افغانستان: سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 35 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان کے صوبہ فراہ میں ایک مرکزی شاہراہ کے کنارے نصب بم پھٹنے سے 35 افراد ہلاک جب کہ 27 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق، دھماکہ بدھ کو افغانستان کے دو بڑے شہروں ہرات اور قندھار کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر نصب بم پھٹنے سے ہوا جس کی زد میں ایک مسافر بس آگئی۔

ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق، دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

افغانستان کے صوبہ فراہ کی پولیس کے ترجمان محب اللہ محب کے مطابق دھماکے میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ حملے کا مقصد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا تھا۔ لیکن، بم کی زد میں مسافر بس آگئی۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ نے رواں ہفتے افغانستان میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی تھی جس کے مطابق، افغانستان میں رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں تقریباً چار ہزار افغان شہری شدت پسندوں کے حملوں اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق، رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں افغان فورسز اور اس کے اتحادیوں کے ہاتھوں 717 عام شہریوں کی جان گئی جب کہ 531 شہری طالبان کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں رواں سال ستمبر میں صدارتی انتخابات بھی ہونے ہیں اور انتخابات سے قبل شدت پسندوں کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

علاوہ ازیں، افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

توقع یہ کی جا رہی ہے کہ طالبان اور امریکہ ممکنہ طور پر ستمبر تک کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG