رسائی کے لنکس

برما: مبصرین کو ضمنی انتخابات کے مشاہدے کی اجازت دینے پر غور


برما: مبصرین کو ضمنی انتخابات کے مشاہدے کی اجازت دینے پر غور
برما: مبصرین کو ضمنی انتخابات کے مشاہدے کی اجازت دینے پر غور

جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم نے کہاہے کہ برما کے عہدے داروں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ آئندہ کے ضمنی انتخابات کے مشاہدے کے لیے تنظیم کے مبصروں کی ایک ٹیم کو ملک میں آنے کی اجازت دینے پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

علاقائی تنظیم نے منگل کے روز کہا کہ برما کے صدر تھین سین نے یہ وعدہ ملک کے انتظامی دارالحکومت میں آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سورن پٹسوان کی قیادت میں ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

آسیان نے کہاہے کہ دونوں راہنماؤں نے اس پر اتفاق کیا کہ اس پیش رفت سے برما کے بارے میں ان بین الاقوامی خیرسگالی جذبات میں بہتری آئے گی جو یہ ملک اپنی کئی ڈرامائی ا صلاحات سے حاصل کررہاہے۔

آسیان نے کہا ہے کہ صدر نے وفد کو بتایا کہ اس وقت برما کی پہلی ترجیح روزگار کے نئے مواقع پیدا کرناہے تاکہ اس کے زیادہ سے زیادہ شہری ، جو اس وقت تھائی لینڈ اور ملائیشیاء میں روزگار کی غرض سے مقیم ہیں، اپنے گھر لوٹ سکیں۔

برما کے بارے میں آسیان کی یہ رائے ان تازہ ترین مثبت پیغامات میں سے ایک ہے جو جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والا یہ ملک ضمنی انتخابات کے ذریعے دنیا کو دے رہاہے۔ مذکورہ ضمنی انتخابات میں حزب اختلاف کی راہنما آنگ ساں سوچی بھی حصہ لے رہی ہیں۔ یہ انتخابات ان 43 نشستوں پر لڑے جارہے ہیں جو قانون سازوں کی جانب سے حکومتی عہدوں پر فائز ہونے کے نتیجے میں خالی ہوئے ہیں۔
ضمنی انتخابات یکم اپریل کو ہورہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG