رسائی کے لنکس

برما: نئے وزرا کی نامزدگی، اکثریت سابق فوجیوں کی ہے


برما: نئے وزرا کی نامزدگی، اکثریت سابق فوجیوں کی ہے
برما: نئے وزرا کی نامزدگی، اکثریت سابق فوجیوں کی ہے

برما کے نئے صدر نےاپنی کابینہ کے نامزد وزراء کے ناموں کا اعلان کیا ہے جن میں اکثریت ریٹائرڈ فوجی افسروں کی ہے۔

صدر تھین سین نے، جوخود بھی ایک سابق اعلیٰ فوجی عہدے دار ہیں، بدھ کے روز یہ فہرست منظوری کے لیے پارلیمنٹ کو بھیجی ۔

توقع ہے کہ ان کی منظوری کے لیے ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔

بدھ کی صبح پارلیمنٹ نے صدر کی جانب سے بھجوائی جانے والی ایک تجویز کی منظوری دی جس میں کادو ارکان کے اضافے کے ساتھ کابینہ کی تعداد 34 مقرر کرنے کے لیے کہاگیاتھا۔

مسٹر تھین سین کو پچھلے ہفتے پارلیمنٹ نے صدر منتخب کیاتھا۔ وہ یونین سولیڈیرٹی اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے سربراہ ہیں جس نے نومبر کے انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں جیتی تھیں۔

بین الاقوامی مبصرین نومبر کے انتخابات کو شرم ناک قرار دے کر مسترد کرچکے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ انتخابات جیتنے والی جماعت کئی عشروں سے برما پر حکومت کرنے والے فوجی حکمرانوں کی اتحادی ہے۔

نومبر کے انتخابات 1990ء کے بعد پہلے پارلیمانی انتخابات تھے۔ 1990ء میں آنگ ساں سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی نے زبردست اکثریت حاصل کی تھی مگر انہیں حکومت بنانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تازہ ترین انتخابات سے قبل نافذ کیے جانے والے قوانین کے تحت آنگ ساں سوچی الیکشن میں حصہ لینے سے نااہل ہوگئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG