رسائی کے لنکس

'بنٹی اور ببلی' کی 17 برس بعد سلور اسکرین پر واپسی


کامیڈی سے بھرپور کرائم فلم کی ریلیز عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی جو اب 19 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
کامیڈی سے بھرپور کرائم فلم کی ریلیز عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی جو اب 19 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

بالی وڈ کی مشہور فلم کے کردار 'بنٹی' اور 'ببلی' 17 برس بعد ایک مرتبہ پھر سنیما گھروں کی اسکرین پر نظر آنے کو تیار ہیں۔ لیکن اس مرتبہ 'بنٹی' کا کردار بالی وڈ کے نواب سیف علی خان ادا کر رہے ہیں۔

بھارتی پروڈکشن کمپنی یش راج فلمز نے پیر کو 'بنٹی اور ببلی' کے سیکوئل 'بنٹی اور ببلی ٹو' کا آفیشل ٹریلر جاری کیا ہے۔

'بنٹی اور ببلی ٹو' کی کہانی ورن وی شرما نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایت کاری بھی انہوں نے ہی دی ہے۔

کامیڈی سے بھرپور اس کرائم فلم کی ریلیز کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار تھی جو اب 19 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ رانی مکھرجی عرف 'ببلی' اور سیف علی خان عرف 'بنٹی' نے 15 برس قبل کئی جرائم کیے تھے اور ان کے بارے میں دوبارہ افواہیں سرگرم ہیں کہ بنٹی اور ببلی پھر واپس آ گئے ہیں۔

لیکن اس مرتبہ جرائم کرنے والے کوئی اور ہوتے ہیں جو اصلی بنٹی اور ببلی کا نام استعمال کرتے ہیں اور انہی کو مزہ چکھانے کے لیے رانی مکھرجی اور سیف علی خان ایکشن میں آتے ہیں۔

فلم میں رانی مکھرجی اور سیف علی خان کے علاوہ سدھانت چترویدی، شروری واگھ اور پنکج تریپاٹھی سمیت دیگر اداکار اپنے فن کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ فلم 'بنٹی اور ببلی' 2005 میں یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز کی گئی تھی جس میں اداکارہ رانی مکھرجی کے ساتھ ابھیشیک اور امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اس فلم کی کہانی بھی بنٹی اور ببلی نامی جوڑے کے گرد گھومتی تھی جو جرائم پیشہ تھے۔ بنٹی اور ببلی میں امیتابھ بچن نے پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG