رسائی کے لنکس

برطانوی وزیرِاعظم کے اعزاز میں صدر اوباما کا عشائیہ


ضیافت کے لیے روایتی برطانوی اور امریکی کھانوں کا اہتمام کیا گیا ، جن میں سے کئی کی تیاری میں وہائٹ ہاؤس کے باغات میں اگائی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کیا گیا

امریکہ کے صدر براک اوباما نے برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون کے اعزاز میں بدھ کی شب وہائٹ ہاؤس میں عشائیے کا اہتمام کیا۔

کسی بھی برطانوی وزیرِاعظم کے اعزاز میں صدرِ امریکہ کی جانب سے دیا جانے والا یہ چوتھا عشائیہ تھا جس کا اہتمام وہائٹ ہاؤس کے پائین باغ میں کیا گیا۔

وہائٹ ہاؤس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عشائیے کے مقام کا فیصلہ نہ صرف گھروں کے عقبی باغ میں اہلِ خانہ اور دوستوں کے اعزاز میں دی جانے والی ضیافتوں کی امریکی روایت کے پیشِ نظر کیا گیا تھا، بلکہ اس میں خوب صورت باغات کے لیے برطانوی معاشرے میں پائی جانے والی محبت کا بھی دخل ہے۔

ضیافت کے لیے روایتی برطانوی اور امریکی کھانوں کا اہتمام کیا گیا ، جن میں سے کئی کی تیاری میں وہائٹ ہاؤس کے باغات میں اگائی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کیا گیا۔

وہائٹ ہاؤس انتظامیہ کے بقول عشائیہ کے لیے کھانوں کا انتخاب امریکہ اور برطانیہ کے تعاون کی علامت کے طور پر کیا گیا ہے۔

ضیافت کے لیے وہائٹ ہاؤس کے پائین باغ میں ایک بڑا خیمہ نصب کیا گیا ۔ مہمانوں کی تفریحِ طبع کے لیے برطانوی اور امریکی لوک موسیقی کا بھی اہتمام تھا۔

وہائٹ ہاؤس میں اس سے قبل جن برطانوی وزرائے اعظم کے اعزاز میں عشائیے دیے گئے ہیں اُن میں جیمز کیلے گن، مارگریٹ تھیچر اور ٹونی بلیئر شامل ہیں ، جِن کے اعزاز میں بالترتیب 1977ء 1988ء اور 1998ء میں اُس وقت کے امریکی صدور نے ضیافتوں کا اہتمام کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG