برطانوی شہزادی کیتھرین مڈلٹن ایک بار پھر امید سے ہیں۔ اور اس خوشی کی خبر کے اعلان کے بعد برطانوی میڈیا کی جانب سے ایک بار پھر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے گھر پیدا ہونے والے بچے کی جنس سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
خبریں ہیں کہ شہزادہ چارلس اور شہزادہ ہیری دونوں ہی ننھے شہزادے جارج کے لیے ایک بہن کی خواہش رکھتے ہیں لیکن شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ اس موضوع پر فی الحات خاموش ہیں۔
رواں ہفتے برطانوی شاہی محل کی جانب سے 'ٹوئٹر' پر اس خبر کا اعلان کیا گیا کہ "ڈیوک اور ڈچس آف کیمبرج بہت خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ شہزادی کیٹ دوسری بار امید سے ہیں۔ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے لیے یہ بہت خوشی کی خبر ہے کہ شہزادی کیٹ دوسرے بچے کی ماں بننے والی ہیں۔"
برطانوی میڈیا کے مطابق اسی روز شہزادہ ولیم کی جانب سے بھی یہ بیان سامنے آیا کہ شاہی خاندان میں ایک اور ننھے مہمان کی آمد کی خبر پر وہ بہت خوش ہیں۔ لیکن انھوں نے تسلیم کیا کہ شہزادی کیٹ اس بار بھی حمل کے ابتدائی دنوں میں طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے زیادہ بہتر محسوس نہیں کر رہی ہیں۔
شہزادہ ولیم نے شہزادہ جارج کی پیدائش کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے بیان امید ظاہر کی کہ کیٹ کی طبیعت میں جلد ہی بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔
شہزادہ چارلس نے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے اخبار 'مرر' کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ ایک بار پھر سے دادا بننا ان کے لیے بہت خوشی کا باعث ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس بار کیٹ کے گھر ایک بیٹی کی ولادت ہو۔
اس خوشی کی خبر پر شہزادہ ہیری نے اپنے جذبات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اس بات پر زیادہ خوشی محسوس ہوگی اگر ان کے بھائی کے گھر ایک بیٹی پیدا ہو کیونکہ انھیں یہ دیکھنے میں زیادہ مزہ آئے گا کہ ان کا بھائی کس طرح ایک لڑکی کے نازنخروں کو برداشت کرتا ہے ۔
واضح رہے کہ شہزادہ جارج کی ولادت سے قبل شہزادی کیٹ شدید علالت کے سبب لندن کے 'کنگ ایڈورڈ' ہسپتال میں داخل کرائی گئی تھیں جس کی وجہ سے ان کے حمل کی خبر آناً فاناً ذرائع ابلاغ تک جا پہنچی تھی۔ لیکن اس بار 'کنزنگٹن پیلس' کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شہزادی کی دیکھ بھال اور ان کا علاج محل میں ہی کیا جارہا ہے۔
شہزادہ چارلس کی سرکاری رہائش گاہ 'کلیرنس ہاؤس' سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے شہزادی کیٹ سرکاری مصروفیات میں فی الحال حصہ نہیں لے سکیں گی۔
شہزادی مڈلٹن حمل کے دوران شدید 'مارننگ سکنس' کی کیفیت میں مبتلا ہو جاتی ہیں جس میں مریضہ کو زیادہ پانی اور غذائی اجزا اور ادویات کی ضرورت ہوسکتی ہے ۔
شہزادی کیٹ کے گھر دوسرے بچے کی متوقع آمد کی خبر اس وقت آئی ہے جب ان کے پہلے صاحبزادے شہزادہ جارج 14 ماہ کے ہو چکے ہیں ۔
خوشی کی اس خبر کے جواب میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے شاہی خاندان کو ٹوئٹر پر مبارکباد پیش کی جبکہ دیگر سیاستدانوں اور اہم ترین لوگوں کی جانب سے بھی اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
میڈیا نے آنے والے ننھے شاہی مہمان کی آئینی حیثیت کے بارے میں بھی گفتگو شروع کردی ہے۔ شہزادہ جارج کی طرح آنے والا ننھا مہمان بھی تاج برطانیہ کا جانشین کہلائے گا جو شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شہزادہ جارج کے بعد تخت برطانیہ کا چوتھا ولی عہد ہوگا۔
نئے مہمان کی ولادت کے بعد شہزادہ ولیم کے چھوٹے بھائی شہزادہ ہیری تخت برطانیہ کے چوتھے وارث کی پوزیشن سے ایک درجے نیچے یعنی پانچویں ولی عہد کہلائیں گے۔