رسائی کے لنکس

اپنے خاندان کی خاطر یورپی یونین کے حق میں ووٹ دیں: کیمرون


برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون (فائل فوٹو)
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون (فائل فوٹو)

ٹین ڈاؤنننگ اسٹریٹ پر ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے برطانوی عوام سے یورپی یونین نا چھوڑنے کی درخواست کی اور انھیں خبردار کیا ہے کہ جمعرات کے ریفرنڈم کے نتائج 'ناقابل واپسی' ہو جائیں گے۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے والدین اور بزرگ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ نوجوان نسل کی خاطر یورپی یونین میں رہنے کے لیے ووٹ ڈالیں۔

یورپی ریفرنڈم سے ایک دن قبل وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے قوم سے اپیل کی ہے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ نوجوانوں پر اس فیصلے کے اثرات کےحوالے سے اپنی نسل کے لوگوں اور بزرگ افراد سے براہ راست بات کر کے انھیں قائل کرنا چاہتے ہیں۔

ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے برطانوی عوام سے یورپی یونین نا چھوڑنے کی درخواست کی اور انھیں خبردار کیا ہے کہ جمعرات کے ریفرنڈم کے نتائج 'ناقابل واپسی' ہو جائیں گے۔

حالیہ انتخابی جائزوں سے یہ رجحان ظاہر ہوا ہے کہ ملک کے سینیئر ووٹروں میں یورپی یونین سے الگ ہونے کی مہم کی حمایت کے امکانات زیادہ ہیں اسی حوالے سے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے منگل کے روز بزرگ عوام کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "جب آپ فیصلہ کریں۔ چاہے وہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا الگ ہونے کے بارے میں ہے، تو اپنے بچوں اور ان کے بچوں کی اُمیدوں اور خوابوں کے بارے میں ایک مرتبہ ضرور سوچیے گا۔"

بریگزٹ یا یورپی یونین سے علیحدگی کی مہم کے معاشی اثرات کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یورپی یونین سے نکلنے کی صورت میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور مواقع چھن جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ''نئی نسل کو یورپی یونین چھوڑنے کے فیصلے کا سب سے زیادہ نقصان ہو گا۔ ایک ایسا فیصلہ جو واپس نہیں لیا جا سکے گا، یہ خطرات ہمارے خاندان کے لیے ہوں گے اور ہمیں ایسےخطروں کو مول نہیں لینا چاہیئے۔"

انھوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یورپ کے ساتھ رہنا ایک کامل فیصلہ نہیں ہو گا، "میرا یقین کریں میں اس بات کو سمجھتا ہوں اور میں ان محرومیوں سے باخبر ہوں اور انھیں ذاتی طور پر محسوس بھی کرتا ہوں تاہم انھوں نے بزرگ ووٹروں پر زور دیا کہ ''آپ اپنے لیے، اپنے خاندان اور ہمارے ملک کے مستقبل کے لیے یونین میں رہنے کے لیے اپنا ووٹ ڈالیں'' ۔

انھوں نے بڑی عمر کے ووٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ "ایک بات یاد رکھیے گا کہ ہمارے لیے کیے گئے فیصلے کو نئی نسل مسترد نہیں کر سکے گی، اگر ہم نے یورپی اتحاد سے نکلنے کا فیصلہ کیا تو پھر یہ فیصلہ واپس نہیں ہو سکتا ہے۔۔۔ جبکہ نئی نسل کو ہمارے مقابلے میں اس فیصلے کے اثرات کے ساتھ زیادہ لمبی زندگی گزارنی پڑے گی۔"

کنزرویٹیو پارٹی کے رہنما ڈیوڈ کیمرون نے ووٹروں پر زور دیا کہ یاد رکھیں کہ ہم ایک ملک کے طور پر کتنا آگے نکل چکے ہیں لہذا آپ اپنے مستقبل، آپ کے بچوں کے مستقبل اور آپ کے پوتے پوتیوں کے مستقبل کے لیے یورپی یونین کے حق میں فیصلہ کریں۔

XS
SM
MD
LG