برطانیہ کی بکنگھم پیلیس کا کہنا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ کے شوہر، شہزادہ فلپ پتِے کے انفیکشن کے عارضے کے باعث اسپتال داخل ہو گئے ہیں، اِس لیے وہ ملکہ کی تخت نشینی کے60 برس پورے ہونے پر منائی جانے والی ڈائمند جوبلی کی باقی ماندہ تقریبات میں شریک نہیں ہوپائیں گے۔
شاہی محل کےایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز 90 برس کے شہزادے کو لندن کے کنگ ایڈورڈ ہفتم اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ طبی معائنے کے لیے چند روز قیام کریں گے۔
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اپنی تخت نشینی کی تقریبات کے سلسلے میں ملکہ برطانیہ بھر میں 4200شمعوں میں سے آخری شمع روشن کریں گی۔
اس طرح کی پہلی شمعیں نیوزی لینڈ اورٹونگا میں روشن کی جاچکی ہیں۔ چار ہزار شمعیں مقامی وقت کے مطابق 10بجےرات برطانیہ اور دیگر کامن ویلتھ ممالک میں روشن کی جائیں گی۔ چھیاسی برس کی فرمان روا آخری شمع شام گئے بکنگھم پیلیس کے عقبی حصے میں ہونے والی ایک محفلِ موسیقی کے دوران روشن کریں گی جس میں ایلٹن جان اور پال مک کارٹنی گلوکاری کریں گے۔
چار روزہ جشن کا منگل کے روز اُس وقت اختتام ہوگا جب ملکہ سینٹ پال کیتھیڈرل میں یوم تشکر کی دعائیہ تقریب میں شریک ہوں گی۔ تقریبات کا اختتام بکنگھم پیلیس کی بالکنی میں سےشاہی خاندان کے جلوہ افروز ہونے پر ہوگا۔
اتوار کو شاہی خاندان نے دریائے ٹیمز کی سیرکی جس میں 1000سے زائد کشتیوں کےایک بیڑے نے حصہ لیا جن میں دس لاکھ سے زائد افراد شریک تھے۔
الزبتھ نے 1952ء میں اپنے والد، کنگ جارج کے انتقال کے بعد برطانیہ کا شاہی تخت سنبھالا۔