برطانیہ کی پولیس نے کہاہے کہ اتوار کے روز جزیرے جرسی میں چھ افراد کو، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، چاقوؤں کے وار کرکے ہلاک کردیا گیا۔
یہ واقعہ جزیرے کے صدرمقام سینٹ ہیلیر کی ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں پیش آیا۔ ان ہلاکتوں سے تعلق کے الزام میں ایک 30 سالہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہناہے کہ ہلاک ہونے والے افراد جن میں دو بچوں سمیت دو مرد اور دو خواتین شامل تھیں ،جزیرہ جرسی کے رہائشی تھے ۔گرفتار کیے جانے والے شخص کے زخموں کا جرسی کے اسپتال میں علاج کیا جارہاہے۔ زخموں کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا لیکن ذرائع کا کہناہے کہ اس کی حالت بہتر ہورہی ہے۔
جرسی پولیس کے ایک عہدے دار اسٹوراٹ گل نے کہاہے کہ مقدمے کی تفتیش اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ یہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا تھا۔
جرسی کے علاقے میں تشدد کے واقعات خال خال ہی ہوتے ہیں
یہ جزیرہ فرانس کے ساحلی علاقے نارمنڈی کے مغرب میں واقع ہے۔