رسائی کے لنکس

کراچی جیل سے دہشت گردوں کے فرار کا منصوبہ ناکام


سرنگ غوثیہ کالونی کے ایک مکان کے زیر زمین واٹر ٹینک سے کھودی گئی جو سینٹرل جیل سے 55 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

کراچی سینٹرل جیل میں قید دہشت گردوں کو سرنگ کے ذریعے فرار کرانے کا منصوبہ رینجرز نے ناکام بنا دیا ہے۔

سرنگ سینٹرل جیل کے قریب واقع رہائشی کالونی کے ایک مکان کے واٹرٹینک سے کھودی گئی تھی، جو جیل میں موجود ایک ناقابل استعمال کنویں تک کھودی جانا تھی۔ تاہم، خفیہ اداروں نے سرنگ کا پتہ لگا کر رینجرز کو اس سے آگاہ کیا، اور یوں، ایک بڑی سازش ناکام بنادی گئی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رینجرز کرنل طاہر نے پیر کی دوپہر رینجرز ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم پریس بریفنگ میں میڈیا کے نمائندوں کو اس سازش سے متعلق تمام اطلاعات فراہم کیں جِن کے مطابق سرنگ غوثیہ کالونی کے ایک مکان کے زیرزمین واٹر ٹینک سے کھودی گئی۔

یہ مکان سینٹرل جیل سے 55 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ملزمان 45 میٹر تک سرنگ کھود چکے تھے، جبکہ آئندہ کچھ روز میں وہ باقی ماندہ دس میٹر سرنگ کھود کر جیل میں واقع کنویں تک پہنچتے اور حملہ کرکے دہشت گردوں کو سرنگ کے ذریعے ہی فرار کردیا جاتا۔

کرنل طاہر کے مطابق، ملزمان نے یہ مکان حال ہی میں خریدا تھا، جبکہ سرنگ کھودنے کے لیے ملزمان حساس آلات بھی استعمال کررہے تھے۔

اس دوران، خفیہ اداروں کی جانب سے سینٹرل جیل پر ممکنہ حملے کی متعدد بار اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں جس کے بعد سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے تھے، جبکہ سیکورٹی کی غرض سے کچھ اہم اقدامات بھی اٹھائے گئے تھے جن میں بیرکس کی تلاشی، جیل سے متصل سڑکوں کی بندش اور موبائل جیمرز کی تنصیب بھی شامل تھی۔

کرنل طاہر کے مطابق اس حوالے سے متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ کرنل طاہر کا کہنا تھا کہ حساس اداروں کی رپورٹ پر رینجرز نے 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب غوثیہ کالونی میں واقع مکان پر چھاپا مارا جہاں سرنگ کھودی جارہی تھی۔ ملزمان سرنگ سے نکالی گئی مٹی خاموشی سے دوسرے علاقوں میں منتقل کردیا کرتے تھے۔

کرنل طاہر نے مزید بتایا کہ مکان سے حراست میں لئے گئے افراد کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا تاہم دوران حراست ان کی جانب سے ملنے والی معلومات کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں مزید کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

کرنل طاہر کے مطابق، منصوبے کے ماسٹر مائنڈ سے متعلق ابھی میڈیا کو آگاہ نہیں کیا جاسکتا، جبکہ سیکورٹی ادارے اس سازش میں ملوث دیگر افراد کو حراست میں لینے کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG