رسائی کے لنکس

دپیکا پڈکون اور سونم کپور، کون بنے گی۔۔’باکس آفس کی ملکہ‘


سات سال بعد ایک بار پھر بالی وڈ کی یہ ’ینگ لیڈنگ لیڈیز‘ ایک دوسرے کو باکس آفس پر’ٹف ٹائم‘ دینے جارہی ہیں۔۔ اس ماہ دپیکا پڈکون کی فلم ’فائنڈنگ فینی‘ 12 ستمبر اور سونم کپور کی فلم ’خوبصورت‘ 19ستمبر کو ریلیز کی جا رہی ہیں

کراچی ۔۔۔ بالی ووڈ باکس آفس پر اس مہینے دو ٹاپ ہیروئنز کے درمیان ایک دوسرے سے بازی لے جانے کا مقابلہ ہوگا۔ ایک ہیں دپیکا پڈکون اور دوسری ہیں سونم کپور۔

یوں تو فلم نگری میں تقریبا ً ایک ساتھ قدم رکھنے والی سونم اور دپیکا کے درمیان ابتدا ہی سے ’باکس آفس ملکہ‘ بننے کی جنگ جاری ہے۔۔لیکن، یہ غیر اعلانیہ جنگ اس لئے اس بات کا اقرار کھلے عام نہ کبھی دپیکا کرتی ہیں اور نہ سونم۔

سال 2007میں سونم کپور نے فلمی سفر شروع کیا فلم ’سانوریا‘ سے، جس میں ان کے ساتھ رنبیر کپور نے بھی اپنی فلمی اننگز کا آغاز کیا تھا۔ فلم باکس آفس پر تو کامیاب نہ ہو سکی، لیکن فلم میکرز اور لوگوں نے سونم کی پذیرائی خوب کی۔

ان کے بر عکس دپیکا پڈکون آتے ہی بالی وڈ پر چھا گئیں۔ کنگ خان شاہ رخ کے ساتھ کی گئی ’اوم شانتی اوم‘ کی سپر ڈوپر کامیابی نے راتوں رات دپیکا کو شہرت اور مقبولیت کے ساتویں آسمان پرپہنچا دیا اور جس سے انہیں کبھی پیچھے مڑ کر دیکھنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

سات سال بعد ایک بار پھر بالی وڈ کی یہ ’ینگ لیڈنگ لیڈیز‘ ایک دوسرے کو باکس آفس پر’ٹف ٹائم‘ دینے والی ہیں۔۔ انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق دپیکا پڈکون کی فلم ’فائنڈنگ فینی‘ 12ستمبر اور سونم کپور کی فلم ’خوبصورت‘ 19ستمبر کو ریلیز کی جارہی ہیں۔

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس بار سونم کپور کے بازی مار لے جانے کے امکانات کافی روشن ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہومی اڈا جانیہ کی فلم ’ فائنڈنگ فینی‘ انگلش میں بنائی گئی ہے۔

بالی وڈ کو مسلسل چار میگا ہٹس ’ریس 2‘،’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’چنائی ایکسپریس‘ اور ’گولیوں کی راس لیلا۔۔رام لیلا‘ دینے کے بعد ’فائنڈنگ فینی‘ جیسی ’آف بیٹ‘ فلم میں کام کرنے سے دپیکا کے غیرمعمولی کانفیڈنس اور رسک لینے کی عادت کا پتا چلتاہے۔

سنہ 80 میں بنی رومینٹک کامیڈی فلم ’خوبصورت‘ میں مرکزی کردار لیجنڈری ادکارہ ریکھا نے ادا کیا تھا، جبکہ اسی نام سے بننے والے ری میک کے حوالے سے سونم کونئی پہچان مل رہی ہے۔ اب رہی بات یہ کہ باکس آفس کی ملکہ کا تاج کس کے سر سجے گا۔ اس کے لئے آپ کو ان فلموں کی ریلیز تک کا انتظار کرنا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG