رسائی کے لنکس

بالی وڈ کے مزدوروں کی مدد، فنکاروں نے لاکھوں روپے عطیہ کر دیے


بالی وڈ فلموں کی دنیا میں جہاں فنکار، پروڈیوسرز اور دیگر بڑی بڑی شخصیات اربوں روپے کمانے کی باتیں کرتے نظر آتے ہیں وہیں اس انڈسٹری سے جڑے ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو برسوں سے انڈسٹری سے وابستہ رہنے کے باوجود تنگ دستی کا شکار ہیں۔

کرونا وائرس کی وبا اور طویل لاک ڈاؤنز کے سبب جہاں بڑی بڑی فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگز رک گئی ہیں وہیں غریب ورکرز کی مالی حالت بھی خراب ہو گئی ہے اور وہ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہیں۔

لیکن فلمی دنیا کی بہت سی شخصیات نے ان کی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے عطیات دینے شروع کر دیے ہیں۔

ان شخصیات میں پہلا بڑا نام سلمان خان کا ہے جنہوں نے دو روز قبل یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 پزار فلمی ورکرز کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔

سلمان خان نے ان کے گھروں پر ہر ماہ راشن اور یومیہ بنیادوں پر کھانا پہنچانے کا اعلان کیا۔

ان کے بعد اب ایک اور بڑا پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز اس کام میں پیش پیش ہے۔ یش راج فلمز نے فلم انڈسٹری سے وابستہ 12 ہزار یومیہ مزدوری پر کام کرنے والوں کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے اعلان کردہ 21 روز کا لاک ڈاؤن جاری ہے جس سے دیگر افراد کے سات ساتھ فلمی مزدور بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز کے صدر بی این تیواری نے تصدیق کی ہے کہ یش راج یومیہ 12 ہزار مردوروں کی کفالت کریں گے۔

دوسری جانب بالی وڈ ہیرو اجے دیوگن نے بھی دیہاڑی کرنے والے مزدورں کے لیے 51 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اتنی ہی رقم ان کے قریبی دوست اور پروڈیوسر ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے بھی عطیے میں دینے کا اعلان کیا۔

فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز کے مطابق 5 لاکھ یومیہ مزدوری کرنے والے بالی وڈ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔ کرونا وائرس کے سبب ان کا معاش ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ کنگنا راناوت نے یومیہ مزدوروں کے لیے 25 لاکھ روپے نقد عطیہ اور راشن دینے کا اعلان کیا ہے۔

کنگنا کی والدہ آشا راناوت نے اپنی ایک ماہ کی پینشن عطیے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

ادھر پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر نک سب پر بازی لے گئے ہیں اور ایک لاکھ امریکی ڈالرز عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ عطیہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی کوششوں میں مصروف خواتین کو دیا جائے گا۔

پریانکا اور نک اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کے قائم کردہ پی ایم کیئر فنڈز، بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے یونیسیف، امریکی ادارے فیڈنگ امریکہ اور بھارتی فلاحی تنظیم گونج کو بھی غریبوں کی مدد کے لیے فنڈز دے چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG