رسائی کے لنکس

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان منشیات کیس میں گرفتار


شاہ رخ خان یا ان کے خاندان کی جانب سے آریان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔ البتہ شاہ رخ خان کو اپنے گھر سے وکیل کے دفتر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
شاہ رخ خان یا ان کے خاندان کی جانب سے آریان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔ البتہ شاہ رخ خان کو اپنے گھر سے وکیل کے دفتر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بھارت میں انسداد منشیات کے سرکاری ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریان کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز جہاز سے منشیات کی برآمدگی کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ دو دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں ان کے ایک دوست ارباز مرچنٹ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کو انہیں پہلے طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا جس کے بعد انہیں این سی بی کے دفتر پہنچا دیا گیا۔ اس معاملے میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان سمیت آٹھ لوگوں سے پوچھ گچھ کی گئی ہے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

بیورو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اطلاعات کی بنیاد پر این سی بی ممبئی کے اہلکاروں نے دو اکتوبر کو ممبئی سے گوا جانے والے کورڈیلیا جہاز پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی کے دوران تمام مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی اور ان کے قبضے سے منشیات اور ادویات برآمد کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ این سی بی نے کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کورڈیلیا کروز جہاز کے سی ای او نے بعض مسافروں کے سامان سے منشیات برآمد ہونے کی تصدیق کی ہے۔

این سی بی کے ذرائع کے مطابق بیورو کے اہلکاروں نے منشیات رکھنے یا اسے استعمال کرنے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے آریان کا فون ضبط کرکے اسے اسکین کیا ہے۔

دوسری جانب شاہ رخ خان یا ان کے خاندان کی جانب سے آریان کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی۔ البتہ شاہ رخ خان کو اپنے گھر سے وکیل کے دفتر جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

آریان خان شاہ رخ اور گوری خان کے بڑے بیٹے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی ایک بیٹی سہانا اور بیٹا ابرام بھی ہیں۔

قبل ازیں این سی بی کی ٹیم نے ہفتے کی شب ممبئی کے ساحل پر ایک کروز جہاز پر چھاپہ مارا تھا جہاں ایک پارٹی چل رہی تھی۔ این سی بی کے اہلکار مسافروں کے بھیس میں وہاں پہنچے تھے۔

این سی بی کے ایک اہلکار کے مطابق جیسے ہی جہاز ممبئی کے ساحل سے نکلا جہاز پر موجود لوگوں نے منشیات کا استعمال شروع کر دیا جس پر بیورو کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

رپورٹس کے مطابق اس کے بعد کپتان کو جہاز جنوبی ممبئی کے بالارڈ پیر کے کروز ٹرمنل لے جانے کو کہا گیا۔

بیورو کے مطابق آپریشن کے دوران معلومات کی بنیاد پر تمام مشکوک افراد کی تلاشی لی گئی جس پر ان افراد سے کوکین اور چرس کے علاوہ ایکسٹسی، ایم ڈی ایم اے اور میفیڈرون جیسی ادویات برآمد ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق مشتبہ افراد کے قبضے سے 13 گرام کوکین، 21 گرم چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، پانچ گرام ایم ڈی اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کیش برآمد کیا گیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ معاملے میں اگر جرم ثابت ہو جائے تو کم از کم 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے جب کہ اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق این سی بی نے پارٹی منعقد کرنے والے پانچ افراد کو بھی طلب کرلیا ہے۔

اس کے علاوہ ایف ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کاشف خان پر بھی شک کیا جا رہا ہے اور ایجنسی نے ان سے رابطہ کیا ہے کیوں کہ پارٹی کا اہتمام انہی کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔

بیورو کی ٹیم منشیات فراہم کرنے والے ایک شخص کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی طرح این سی بی کو ایک اور شخص گوپال آنند کی بھی تلاش ہے۔ کیوں کہ اطلاعات کے مطابق پارٹی کے انعقاد میں ان کا اہم کردار تھا۔

این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک بیان میں کہا کہ تفصیلی معلومات شپنگ کارپوریشن آف انڈیا اور وزارتِ بحریہ امور کو ارسال کی جائیں گی۔ ان کے مطابق اس پارٹی کے بارے میں ایجنسی کو 15 روز قبل ہی خبر مل گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف ثبوت ملے ہیں۔ ان افراد سے مزید تفتیش کی جائے گی اور وہ قانون سے نہیں بچ پائیں گے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG